دنیا بھر میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے: خرم نواز گنڈاپور
زلمے خلیل زاد کا بیان فکر انگیز ہے، سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
زمان پارک واقعات پر تشویش ہے تشدد کا راستہ اختیار نہ کیا جائے
چیف جسٹس سپریم کورٹ نوٹس لے کر انسانی جانوں کا تحفظ کریں یقینی بنائیں
شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن سے قبل بھی ایسے ہی بیانات دیے تھے
لاہور (15 مارچ 2023) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ زمان پارک کے واقعات پر افسوس ہے جو کچھ ہو رہا ہے اس سے ملک کی دنیا بھر میں بدنامی ہو رہی ہے، ملک کو انارکی کی طرف نہ دھکیلا جائے ہے، بیرونی دنیا جلاؤ، گھیراؤ سے بچنے کا مشورہ دے رہی ہے اس ضمن میں زلمے خلیل زاد کا بیان فکر انگیز ہے، ایک طرف پاکستان بدترین مالی بحران سے دوچار ہے اور مدد کے لیے آئی ایم ایف، امریکہ اور دوست ملکوں کی منتیں کی جا رہی ہیں دوسری طرف اپنے ہی ملک کے اندر لا اینڈ آرڈر کو حکمران اپنے ہاتھوں سے برباد کرنے پر تلے ہوئے ہیں ملک پہلے ہی مہنگائی کی آگ میں جل رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ زمان پارک میں کون سے خطرناک دہشت گرد چھپے ہوئے ہیں جو ریاستی مشینری یہاں جھونکی جا رہی ہے، چیف جسٹس سپریم کورٹ زمان پارک کے افسوس ناک واقعات کا نوٹس لے انسانی جانوں کو محفوظ بنائیں۔ انھوں نے کہا کہ شہباز شریف، رانا ثنا اللہ جو بیانات آج دے رہے ہیں ایسے ہی بیانات انھوں نے 17 جون 2014 کے سانحہ ماڈل ٹاؤن سے قبل بھی دیے تھے، انھوں نے کہا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور ملکی امن تہ و بالا کرنے سے گریز کریں۔
تبصرہ