عوامی تحریک کے امیدواروں نے 100 پی پی حلقہ جات میں درخواستیں جمع کرا دیں
پاکستان عوامی تحریک نے الیکشن مہم کا آغاز کر دیا ہے: عارف چوہدری
اسمبلی کے اندر ہوں یا باہر ہمارا ہدف عوام دشمن ظالم نظام ہے: مرکزی سیکرٹری کوآرڈینیشن
لاہور (14 مارچ 2023) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے امیدواروں نے 100 پی پی حلقہ جات میں درخواستیں جمع کروا دی ہیں۔ عوامی تحریک کے امیدواروں کو ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم شروع کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔ کارکنان انتخابات کی تیاری کریں، پاکستان عوامی تحریک نے الیکشن مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ الیکشن پوری سیاسی قوت کے ساتھ بھر پور انداز میں لڑیں گے۔
پاکستان عوامی تحریک کے صوبائی عہدیداران پورے صوبے میں انتخابی مہم کیلئے جائیں گے۔ امیدوار اپنے اپنے حلقوں میں عوام سے رابطے میں تیزی لائیں۔
عارف چوہدری نے مرکزی سیکرٹریٹ میں کا غذات نامزدگی جمع کروانے والے امیدواروں سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ اسمبلی کے اندر ہوں یا باہر ہمارا ہدف عوام دشمن ظالم نظام ہے۔ بیڈ گورننس اور ہوشربا مہنگائی کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔ پاکستان عوامی تحریک عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے۔کرپٹ نظام کا خاتمہ چاہتے ہیں جس نے غریب کا استحصال کیا ہوا ہے۔
عارف چوہدری نے مزید کہا کہ کارکنان یونین کونسل سے پی پی سطح تک عوامی رابطہ مہم شروع کریں۔ پاکستان عوامی تحریک کا سیاسی ویثرن ہر گھر اور ہر فود تک پہنچانا عوامی تحریک کے عہدیداران کی ذمہ داری ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں، انہی کی بدولت الیکشن میں کامیابیاں حاصل کریں گے۔
پاکستان عوامی تحریک نے ظلم و استحصال پر مبنی نظام بدلنے کیلئے بے مثال جدوجہد کی ہے۔پاکستان عوامی تحریک ایک نظریاتی جماعت ہے ملک کو حقیقی جمہوریت کے ٹریک پر لانے کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے۔
تبصرہ