پاکستان کی معیشت آئی ایم ایف کے کنٹرول میں ہے: قاضی زاہد حسین
خوراک کے بحران سے نجات کیلئے زرعی پیداوار میں اضافہ ضروری ہے
قائد اعظمؒ نے آزادی دلوائی نااہل سیاست دانوں نے دوبارہ غلام بنا دیا: صدر عوامی تحریک
لاہور (3 مارچ 2023) پاکستان عوامی تحریک کے صدر قاضی زاہد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت آئی ایم ایف کنٹرول کررہا ہے۔ قائد اعظمؒ نے آزادی دلوائی نااہل سیاست دانوں نے دوبارہ غلام بنادیا۔ مہنگائی اور خوراک کے بحران سے نجات کے لئے زرعی پیداوار میں اضافہ ضروری ہے۔ آئی ایم ایف والے حکومتی اللوں تللوں کی قدغن لگانے کی بجائے بجلی، گیس، پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کا حکم دیتے ہیں۔ آئی ایم ایف والے جانتے ہیں انرجی مہنگی ہوگی تو صنعتوں کو تالے لگیں گے اور پاکستان بے روزگاری کے طوفان کی زد میں آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اس کے عوام کو بچانے کے لئے شعبہ زراعت پر انویسٹمنٹ کی جائے اور میڈ ان پاکستان تحریک چلائی جائے۔ پاکستان کے صنعتی، سائنسی شعبے طے کرلیں کہ وہ خوراک سمیت ضرورت کی ہر چیز خود تیار کریں گے بصورت دیگر مسائل اور بحران بڑھتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جب سے موجودہ حکمران برسر اقتدار آئے ہیں خوراک کے بحران، پانی کا بحران، انرجی کا بحران اور زرعی شعبہ کے مسائل پر ایک دن بھی اسمبلی میں بحث نہیں ہوئی۔
تبصرہ