حکمران سیاسی رہنماؤں کو تحفظ کی بجائے دھمکیاں دے رہے ہیں: خرم نواز گنڈاپور
سابق وزیر اعظم کی طرف سے قاتلانہ حملے کا خطرہ ظاہر کرنا لمحہ فکریہ ہے: سیکرٹری جنرل
ان حکمرانوں نے 2014 میں ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو بھی سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں
لاہور (3 مارچ 2023) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم اور معروف سیاسی جماعت کے چیئر مین عمران خان کی طرف سے قاتلانہ حملے کا خدشہ ظاہر کرنا لمحہ فکریہ ہے۔ اگر سیاسی رہنما جان کے خطرے کا اظہار کریں گے تو پھر ملک میں سیاست اور جمہوریت کا مستقبل کیا ہو گا؟
یہ بات اس سے بھی زیادہ خطرناک ہے کہ وزیر داخلہ سمیت دیگر وزراسیاسی جماعت کے چئیرمین اور سابق وزیراعظم کی طرف سے قاتلانہ حملے کے خدشہ کے اظہار پر انہیں فول پروف سیکیورٹی دینے کی بجائے انہیں خطرناک نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں اور ایک حساس معاملہ پر تمسخر اڑا رہے ہیں۔ قانون کی بالادستی پر یقین رکھنے والے کسی جمہوری معاشرے میں ایسے رویے کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اور بین الاقوامی سطح پر اپنا بلند پایہ علمی مقام اور شناخت رکھنے والی شخصیت شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو بھی انہی حکمرانوں نے 2014 میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور انہیں اپنے ملک پاکستان آنے سے روکنے کیلئے ہر ہتھکنڈہ آزمایا تھا یہاں تک کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں خون کی ہولی بھی کھیلی گئی۔ لگتا ہے حکمران باردگر ملک میں آگ اور خون کا کھیل کھیلنا چاہتے ہیں اور پہلے سے تباہ حال معیشت اور لا اینڈ آرڈر کو مزید تباہ و برباد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت حزب مخالف کی تمام جماعتوں اور سیاسی کارکنوں کو جان، مال اور عزت نفس کے تحفظ کے حوالے سے سنگین خطرات کا سامنا ہے۔
تبصرہ