انسانی حقوق کا تحفظ عدلیہ کی ذمہ داری ہے: خرم نوازگنڈاپور
شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہا سچ ثابت ہوگیا، کسی کو پر امن احتجاج کی اجازت نہیں ملے گی
8 سال گزر گئے سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف نہیں ملا: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
لاہور (8 مارچ 2023) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ موجودہ وزیراعظم اور لیگی وزراء کی کوئی سیاسی اخلاقیات نہیں ہیں اور نہ ہی سیاسی جمہوری رویوں سے یہ لوگ واقف ہیں۔شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا یہ کہنا آج سچ ثابت ہوگیا ہے کہ جلد وہ وقت آئے گا جب لوگوں سے پر امن احتجاج اور سیاسی جدوجہد کا حق بھی چھین لیا جائے گا۔ حق کی بات کرنے والوں کے خلاف بے رحم طاقت کا استعمال ہوگا۔ ہم سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کی جدوجہد میں یہ ساری تکلیفیں برداشت کرچکے ہیں۔
خرم نواز گنڈاپو ر نے کہا کہ بالکل اسی طرح ماڈل ٹاؤن کا گھیراؤ کیا گیا تھا۔ ہمارے پرامن نہتے کارکنوں پر بدترین تشدد کیا گیا تھا اور ماڈل ٹاؤن کے علاقے کو کنٹینرز لگا کر”نو مین ایریا“ بنا دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے اسی شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ کے حکم پر نہتے کارکنوں پر سیدھی گولیاں برسائیں تھیں، بے پناہ تشدد کیا اور 14 کارکنوں کو شہید کردیا۔ انصاف کے لئے ہم آج 8 سال کے بعد بھی مارے مارے پھر رہے ہیں۔
خرم نواز گنڈاپور نے مزید کہا کہ اس وقت عدلیہ کا بہت بڑا امتحان ہے انسانی حقوق کا تحفظ کرنا اور مظلوموں کو انصاف دینا عدلیہ کی ذمہ داری ہے اور اگر عدالت نے فوری طور پر اپنا آئینی و قانونی کردار ادا نہ کیا تو یہ حکمران ایک بار پھر سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تاریخ دھرا سکتے ہیں۔
تبصرہ