فوج عدلیہ کے خلاف بیان بازی ملکی مفاد میں نہیں: راجہ زاہد محمود
جلتی پر تیل گرانے کی بجائے آگ بجھانے کا عمل شروع ہونا چاہیے
پارلیمنٹ سمیت تمام اداروں کی بے توقیری پر دنیا کے سامنے پاکستان مذاق بنا ہوا ہے
عام آدمی انصاف نہ ملنے پر بھی عدلیہ، ججز کا احترام کرتا ہے: مرکزی نائب صدر
لاہور (4 مارچ 2023) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود نے کہا ہے کہ فوج اور عدلیہ بطور ادارہ بہت اہم ہیں ان کے خلاف بیان بازی ملکی مفاد میں نہیں ہے، پسندیدہ فیصلے نہ ملنے پر مخالفانہ بیان بازی شروع کر دی جاتی ہے۔ ن لیگ نے اداروں کے خلاف بیان بازی کی منفی روش کی بنیاد رکھی۔ چیف جسٹس سجاد حسین شاہ اور سپریم کورٹ کی عمارت پر حملہ کرنے والوں کو عبرتناک سزا مل جاتی تو دوبارہ ایسے واقعات نہ ہوتے، اب بھی حد بندی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہزاروں افراد بروقت فیصلے نہ ہونے اور انصاف نہ ملنے کی وجہ سے متاثر ہوتے ہیں،حصول انصاف کی جدوجہد میں بعض کی تو عمر بھر کی کمائی بھی لٹ جاتی ہے مگر کبھی عام آدمی نے عدالت اور ججز کی توہین نہیں کی،ایسا منفی رویہ وہی سیاستدان اختیار کرتے ہیں جن کی اولین ذمہ داری اداروں کی آئین کے مطابق عزت و توقیر یقینی بنانا ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جمہوریت اور سیاست 75 سال سے ایک مخصوص پس منظر رکھتی ہے، کسی بھی دور کو اس پس منظر سے ہٹ کر نہیں دیکھا جا سکتا۔ انہوں نے کہاکہ آئین توازن کی میزان ہے۔ آئین کے ذریعے ہی معاملات چلیں گے تو امن و استحکام آئے گا۔ فوج، عدلیہ اور پارلیمنٹ مستحکم پاکستان کیلئے ناگزیر ہیں۔ اب تیل گرانے کی نہیں آگ بجھانے کی ضرورت ہے۔ پارلیمنٹ سمیت تمام اداروں کی بے توقیری پر دنیا کے سامنے پاکستان مذاق بنا ہوا ہے۔
تبصرہ