غیر جانبدار جے آئی ٹی کو کام نہیں کرنے دیا جارہا: خرم نواز گنڈاپور
ماڈل ٹاؤن میں خون کی ہولی کھیلنے والوں کی فوٹیج اور ثبوت موجود ہیں
نواز، شہباز، رانا ثناء کیخلاف تھانہ فیصل ٹاؤن میں قتل کی ایف آئی آر درج ہے
لاہور (یکم مارچ 2023) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ ماڈل ٹاؤن سانحہ میں خون کی ہولی کھیلنے والوں کی فوٹیج اور ویڈیوز موجود ہیں۔ ان کے خلاف 8 سال گزر جانے کے بعد بھی کارروائی کیوں نہیں ہوئی؟ میاں نواز شریف، میاں شہباز شریف، رانا ثناء اللہ کے خلاف 14 شہریوں کو قتل کرنے کی ایف آئی آر آج بھی تھانہ فیصل ٹاؤن لاہور میں درج ہے مگر کسی کو تفتیش کیلئے گرفتار کرنا تو دور کی بات کسی تھانے میں طلب بھی نہیں کیا گیا۔ اشرافیہ قانون کی لاڈلی ہے۔ 8 سال گزر جانے کے بعد بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن کی غیر جانبدار تفتیش نہیں ہونے دی جارہی۔ جے آئی ٹی بحالی کا کیس جوڈیشل فائلوں میں پڑا ہوا ہے۔ غیر جانبدار تفتیش سے قاتل خوفزدہ ہیں؟
انہوں نے کہا کہ ن لیگ والے انتقامی کارروائیوں اور ریاستی مشینری کے ناجائز استعمال کے ماہر ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن اس کی ایک زندہ مثال ہے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ہم آج بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کاانصاف مانگ رہے ہیں۔ قاتل باردگر اقتدار میں آگئے مگر مظلوموں کی شنوائی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ جس دن سپریم کورٹ کے حکم پر بننے والی جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ جمع کروا دی اسی دن قاتلوں کے چہروں سے نقاب اٹھ جائے گا۔
تبصرہ