پاکستان عوامی تحریک کا ملک بھر میں نظام بدلو سیمینارز، بیداری شعور ریلیاں
ہر طرف مایوسی، بے یقینی ہے کیا کسی حادثے کا انتظار ہو رہا ہے؟: میاں ریحان مقبول
پاکستان کا سیاسی و معاشی نظام سلامتی کیلئے خطرہ بن گیا ہے: صوبائی صدر
لاہور (27 فروری 2023) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے گوجرانوالا، سیالکوٹ میں نظام بدلو سیمینارز، بیداری شعور ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نظام کے ہاتھوں عوام اور ادارے بے تو قیر ہو رہے ہیں، ہر طرف مایوسی، بے یقینی کے سائے ہیں۔ عوام غربت اور بے روزگاری سے مر رہے ہیں، وڈیروں کی نجی جیلوں میں غریب شہری قتل کئے جا رہے ہیں۔ کمزور کو سستی خوراک،انصاف اور تحفظ دینے والا کوئی نظر نہیں آرہا،کیا کسی حادثے کا انتظار کیا جا رہا ہے؟
میاں ریحان مقبول نے گوجرانوالا میں بیداری شعور ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ طاقت ور انصاف چھین لیتا ہے، کمزور نسل در نسل پیشیاں بھگتتا ہے، جنھیں اللہ نے عدل قائم کرنے کی طاقت، وسائل اور اختیار دیا وہ روز قیامت کیا جواب دیں گے۔ میاں ریحان مقبول نے کہا کہ اس وقت پاکستان تاریخ کی بدترین مہنگائی سے گزر رہا ہے، حکمران آئی ایم ایف سے قسط لینے کیلئے 22 کروڑ عوام کی سانسیں بھی گروی رکھ رہے ہیں کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں رہا اس طرح ملک نہیں چلتے۔
انہوں نے کہاکہ قوم جاننا چاہتی ہے کس نے کتنا قرضہ لیا اور کہاں خرچ کیا؟ سب حقائق قوم کے سامنے آنے چاہئیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کا سیاسی و معاشی نظام سلامتی کیلئے خطرہ بن گیا ہے۔ جب تک پاکستان سے ظلم و جبر اور استحصال کا نظام تبدیل نہیں ہو گا، عوام کے مسائل کبھی نہیں حل ہوں گے اور نہ ملک سیاسی اور معاشی طور پر اپنے پاؤں پر کھڑا ہو سکے گا۔
سیمینارز اور ریلیوں میں سینئر نائب صدر پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب میاں محمد رضا، میاں محمد آصف، علامہ غلام ربانی تیمور، حافظ غلام مصطفی گجر، قاری شفاقت علی مہر، بدر الزماں چھٹہ، اشتیاق ورک سمیت پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
تبصرہ