پاکستان عوامی تحریک کا بارکھان میں کنویں سے لاشوں کی برآمدگی پر اظہار افسوس
چیف جسٹس سپریم کورٹ ازخود نوٹس لیں اور مظلوم خاندان کو انصاف دلوائیں: قاضی زاہد حسین
عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کا اولین فریضہ ہے: مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک
لاہور(21 فروری 2023) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے بلوچستان بارکھان میں کنویں سے ماں اور دو بیٹوں کی لاشیں ملنے کے واقع پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس المناک واقعہ میں ملوث عناصر کوجلد گرفتار کرکے کڑی سزا دی جائے۔ اسلام کے نام پر حاصل کیے گئے ملک میں اس نو ع کی سفاکیت کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ بلوچستان کی صوبائی حکومت واقعہ کا نوٹس لے اور مظلوم خاندان کو انصاف دلوایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بھی واقعہ کی انکوائری کروائے عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کا اولین فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کے عوا م پر منفی، نفسیاتی اثرات مرتب ہوتے ہیں اور عدم تحفظ کا احساس جنم لیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم خاندان کو انصاف دلوانے کیلئے ریاست تمام وسائل اور طاقت بروئے کار لائے۔
قاضی زاہد حسین نے کہا کہ ہم نے بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن کے دکھ اٹھائے ہیں۔ معصوم شہریوں کی موت سے لواحقین پر جو قیامت گزرتی ہے ہم اس سے آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر صوبائی یا وفاقی حکومت واقعہ کا نوٹس نہیں لیتی تو چیف جسٹس سپریم کورٹ کو ازخود نوٹس لینا چاہیے۔
تبصرہ