مہنگائی نے انسانی زندگی کا وجود خطرے میں ڈال دیا: خرم نواز گنڈا پور
اسمبلیوں میں عوام کی بات کرنے والا کوئی نہیں بیٹھا ہوا، سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
اسحاق ڈار ملک اور عوام سے بدلا لے رہے ہیں: میاں ریحان مقبول
لاہور (16 فروری 2023) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی نے پاکستان میں انسانی زندگی کا وجود خطرے میں ڈال دیا یہ حکمران مزید برسر اقتدار رہے تو غریب کے پاس خود کشی کرنے کے سوا اور کوئی آپشن باقی نہیں بچے گا، آئی ایم ایف کے ملازم حکمرانوں میں رتی برابر بھی شرم ہوتی تو کم از کم قبروں پر ٹیکس لگانے کی باتیں نہ ہوتیں۔
انہوں نے کہا کہ حکمران اپوزیشن کا اسمبلی میں وجود نہ ہونے کا پورا پورا فائدہ اٹھا رہے ہیں، اسمبلیوں میں عوام کی بات کرنے والا آج کوئی نہیں بیٹھا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اس مہنگائی کے ساتھ پاکستان میں انسانی زندگی نہیں پنپ سکتی۔ دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ تمام تجربہ کار سیاست دان فیل ہوگئے اور ثابت ہو گیا ان کا تجربہ صرف ملک لوٹنے کا ہے، سپریم کورٹ آف پاکستان سے اپیل ہے کہ وہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کے خلاف ازخود نوٹس لیں اور قوم کو ریلیف دلوائیں۔ اسحاق ڈار معیشت اور ملک سے بدلا لے رہے ہیں۔ موجودہ حکمرانوں سے نجات ضروری ہے۔
تبصرہ