3 سو دنوں میں مہنگائی میں 3 سو گنا اضافہ ہوا: پاکستان عوامی تحریک
غربت کی شرح خطرناک حد تک بڑھ چکی مگر حکمرانوں کی ’’شوبازیاں‘‘ ختم نہیں ہو رہیں
ملکی حالات جادو کی چھڑی سے نہیں اصلاحات اور درست پالیسیوں سے ہی تبدیل کئے جا سکتے ہیں
عوام سے قربانی کیوں مانگی جاتی ہے اُمرا اور اشرافیہ کیوں قربانی نہیں دیتے؟
پاکستان عوامی تحریک کے صوبائی صدور میاں ریحان مقبول، نوراحمد سہو اور قاضی شفیق کا مشترکہ بیان
لاہور (12 فروری 2023) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول، جنوبی پنجاب کے صدر نوراحمد سہو اور شمالی پنجاب کے صدر قاضی شفیق نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ 3 سو دنوں میں ملک میں مہنگائی میں 3 سو گنا اضافہ ہوا ہے۔ غربت کی شرح خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے اور حکمرانوں کی ’’شوبازیاں‘‘ ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہیں۔ پٹرول کی قیمت میں پورے 35 روپے کا ریکارڈ اضافہ کیا گیا، بہتر تو یہ تھا کہ عوام کو سہولت دینے کیلئے اشرافیہ کی عیاشیاں ختم کی جاتیں، اگر واقعی مشکل فیصلے کئے جاتے تو ملک میں کسی کو بھی ایک لیٹر پٹرول اور نہ ہی ایک یونٹ بجلی مفت ملتی، پلاٹ واپس لئے جاتے، پروٹوکول و دیگر الاؤنسز ختم کر دئیے جاتے یہ ہیں مشکل فیصلے۔ جنہوں نے ملک لوٹا ان کی جائیدادیں نیلام کر کے قومی خزانے میں ڈالی جاتیں۔ پٹرول مہنگا کرنا تو سب سے آسان فیصلہ تھا جو نا اہل حکمرانوں نے فوراً مان لیا۔
ڈوبتی معیشت کی بحالی کیلئے جو وزیر خزانہ بہت زور و شور سے واپس لایا گیا اس کا کہنا تو یہ ہے کہ میرے پاس معاشی بحران حل کرنے کیلئے کوئی جادو کی چھڑی نہیں یہ بات تو عوام جانتے ہیں کہ ملک کے حالات جادو کی چھڑی سے نہیں بلکہ اصلاحات اور درست پالیسیوں سے ہی تبدیل کئے جا سکتے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے رہنمائوں نے کہا کہ عوام سے قربانی کیوں مانگی جاتی ہے اُمرا اور اشرافیہ کیوں قربانی نہیں دیتے، ایک طرف قربانی کی باتیں دوسری طرف عیاشی کیلئے حکومت نے 135 بی ایم ڈبلیو گاڑیاں منگوانے کی اجازت دے دی ہے۔ عوامی تحریک کے صوبائی صدور نے کہا کہ قوم کی فلاح اور ملک میں نظام مصطفیٰ ﷺ کے نفاذ کے لیے فقط ڈاکٹر طاہرالقادری کوشاں ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے عوامی رابطہ مہم میں تیزی لائیں اور افرادی قوت کو بڑھائیں۔ پاکستان عوامی تحریک کا پیغام ہر گھر اور ہر فرد تک پہنچانا ہوگا۔
تبصرہ