میت سے بغض اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے: خرم نوازگنڈاپور
جنرل (ر) مشرف کیلئے سینیٹ میں دعائے مغفرت نہ ہونے دینا بداخلاقی ہے
پرویز الٰہی کے گھر کا گھیراؤ شرمناک، چادر اور چار دیواری کو سیاست سے بالاتررکھا جائے
مریم نواز ججز پر تنقید کر کے عدلیہ اور اس کے فیصلوں کی توہین کررہی ہیں
لاہور (7 فروری 2023ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل پرویز مشرف کیلئے سینیٹ میں دعائے مغفرت نہ ہونے دینا بداخلاقی ہے۔ میت سے بغض و عناد اسلام اور پیغمبرِ اسلام کی تعلیمات کے برعکس ہے۔ اسلام کے نام پر حاصل کئے گئے ملک میں کسی مسلمان کے لئے مغفرت کی دعا سے روکنا شرمناک ہے۔ چیئرمین سینیٹ اس کوتاہی کا ازالہ کریں۔ انہوں نے گزشتہ روز مرکزی راہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پاکستان معاشی ہی نہیں بدترین اخلاقی بحران کا بھی شکار ہے۔ سیاسی مخالفین کے لئے پاکستان کو عقوبت خانہ نہ بنایا جائے۔
سابق سپیکر، سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور سابق نائب وزیراعظم، سینئر پارلیمنٹرین چودھری پرویز الٰہی کے گھر کا گھیراؤ چادر اور چار دیواری کے تقدس کی پامالی اور حرمت انسانی کی توہین ہے۔ ایسے واقعات کی قانون اور اخلاقیات میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔ نفرتوں کو مزید گہرا نہ کیا جائے۔ جو آج برسراقتدار ہیں وہ کل نہیں ہوں گے لہٰذا انتقام کے بیج نہ بوئے جائیں اور ماضی سے سبق سیکھا جائے۔
خرم نواز گنڈاپور نے مریم نواز کی طرف سے سپریم کورٹ کے سابق ججز پر تنقید پر اپنے ردعمل میں کہا کہ مریم تنقید کر کے عدلیہ اور اس کے فیصلوں کی توہین کررہی ہیں اور شہ دے رہی ہیں کہ باقی لوگ بھی یہ رویہ اختیار کریں۔ کیا ادارے کی توہین پر کوئی اس کے خلاف کارروائی کرے گا؟ انہوں نے کہا کہ مریم نواز بتائیں 50 روپے کے اشٹام پیپر پر ان کے سزا یافتہ والد کو بیرون ملک کس نے بھجوایا اور پارلیمنٹ کی اقلیتی جماعت ہونے کے باوجود اس کے چچا کو وزارت عظمیٰ کی مسند پر کس نے بٹھایا؟
تبصرہ