خاتون کو برہنہ کرنے والے درندے کسی قانونی رعایت کے مستحق نہیں: عوامی تحریک
ملزمان کا گرفتار ہونا مثبت پیشرفت انہیں سزا بھی ملنی چاہیے: آصف سلہریا ایڈووکیٹ
لاہور (5 فروری 2023) پاکستان عوامی تحریک سینٹرل پنجاب کے سینئر رہنما آصف سلہریا ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ بے حسی اور سفاکیت نے اسلام کے نام پر حاصل کیے گئے ملک کا نظریاتی چہرہ مسخ کردیا ہے۔ شیخوپورہ میں ایک خاتون کو برہنہ کرکے ویڈیو بنائی گئی اور پھر تشدد کیا گیا۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو انسانیت کے سر شرم سے جھک گئے۔ خاتون کی بے حرمتی کرنے والے کسی قانونی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ پانچوں ملزمان گرفتار کر لئے گئے ہیں اس پر پولیس مبارکباد کی مستحق ہے مگر انہیں سزا بھی ملنی چاہیے کیونکہ گرفتاری کے بعد انصاف کی فراہمی کے لئے پیچیدہ مراحل کی وجہ سے ایسے سنگین واقعات میں ملوث ملزمان سزاؤں سے بچ جاتے ہیں کہیں مدعی پارٹی بااثر ملزمان کا دباؤ برداشت نہیں کرپاتی کہیں پولیس ناقص ایف آئی آر اور ناقص تفتیش کے ذریعے ملزمان کو فائدہ پہنچاتی ہے اور رہ سہی کسر طویل ترین ٹرائل اور ہمارا عدالتی نظام نکال دیتا ہے۔ انصاف کے پیچیدہ اور مہنگے ترین عمل کی وجہ سے مظلوم اپنا معاملہ یا تو خدا پر چھوڑ دیتا ہے یا پھر سرنڈر کر دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئے روز خواتین اور بچوں کی بے حرمتی ہوتی ہے مگر ناقص نظام تفتیش اور انصاف کی وجہ سے ملزمان سزاؤں سے بچ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خاتون کی بے حرمتی کرنے والے انسان نما درندوں کو عبرت ناک سزا دی جائے اور ایسے واقعات میں شفاف تفتیش اور ٹرائل کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔
تبصرہ