شیخ رشید کی گرفتاری پر عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل کا اظہار افسوس
ملک دہشت گردی اور حکمران انتقام کی آگ میں جل رہے ہیں، خرم نواز گنڈا پور
حکومت سیاسی مخالفین کو برداشت کرے، نفرتوں کو گہرا نہ کرے
لاہور (2 فروری 2023) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے سینئر سیاست دان اور اپوزیشن رہنما شیخ رشید کی گرفتاری کو وزیر داخلہ کی ذاتی رنجش اور انتقام کا شاخسانہ قرار دیا ہے، انھوں نے کہا کہ شیخ رشید ایک محب وطن دبنگ رہنما اور پاکستان کی سیاست کا ایک معتبر نام ہیں، اس وقت پاکستان دہشت گردی اور حکمران انتقام کی آگ میں جل رہے ہیں انھوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ 14 بے گناہ شہریوں کے قتل کی ایف آئی آر میں نامزد ملزم ہیں مگر انھیں اس کیس میں گرفتار کرنا دور کی بات 8 سال میں کسی تھانے میں تفتیش کیلیے بھی نہیں بلایا گیا۔انھوں نے کہا کہ حکمران خدا کا خوف کریں سیاسی مخالفین کو برداشت کریں،سیاسی مخالفین کو تھانہ کچہری میں رسوا کرنے کے نتائج نہ پہلے کبھی اچھے نکلے نہ آئندہ نکلیں گے، سیاست کو خاندانی دشمنی بنا دیا گیا۔
انھوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کو معاشی طور پر تباہ حال ملک کی پرواہ ہے اور نہ ہی انھوں نے اپنے ماضی سے کوئی سبق حاصل کیا اس وقت ملک میں انسانی بنیادی حقوق کی خلاف ورزیاں اپنے عروج پر ہیں اور عوام غم و غصہ میں ہیں، موجودہ حالات میں عدلیہ کے کندھوں پر آئین و قانون کے مطابق فیصلے کرنے اور بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کی اہم ذمہ داری ہے۔ انھوں نے کہا کہ حزب مخالف سے سیاسی آزادیاں چھینی جا رہی ہیں، طاقت کے زور پر زباں بندی کی جا رہی ہے اور حکمران پکڑ دھکڑ، جھوٹے مقدمات درج کر کے نفرتیں بڑھا رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ لگتا ہے حکمران آگ بجھانے کی بجائے سانحہ ماڈل ٹاؤن اور 25 مئی کی تاریخ دہرانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شیخ رشید کے ساتھ ہیں انھیں فی الفور رہا کیا جائے اور آزادی اظہار کے آئینی و قانونی حق کا احترام کیا جائے۔ دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود نے شیخ رشید کی گرفتاری پر افسوس کا اظہار اور ان پر جھوٹے مقدمات ختم کرنے اور انھیں فی الفور رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
تبصرہ