تعلیم یافتہ نوجوان ملکی حالات کے باعث ملک چھوڑ رہے ہیں: خرم نواز گنڈاپور
ایک سال میں 7 لاکھ 65 ہزار تعلیم یافتہ نوجوانوں نے ملک چھوڑا: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
پاسپورٹ آفس کے باہر لگی لمبی لائنیں بتاتی ہیں ہر شخص بیرون ملک جانا چاہتا ہے
ساڑھے 5 ہزار انجینئرز، 18 ہزار ایسوسی ایٹ انجینئرز ایک سال میں ملک چھوڑ گئے
لاہور (یکم فروری 2023ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاسپورٹ آفس کے باہر لگی لمبی لائنیں بتاتی ہیں کہ پاکستان کا ہر شہری بیرون ملک جانا چاہتا ہے۔ یہ مستقبل کا ایک خوفناک منظر نامہ ہے۔ پاکستان کے عوام کس کرب سے گزر رہے ہیں اور ملک سے کیوں جارہے ہیں اس پر کسی ذمہ دار کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں عہدیداروں اور مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹس کے مطابق 2022ء میں 7 لاکھ 65 ہزار تعلیم یافتہ نوجوان ملک چھوڑ گئے۔ ان میں 92ہزار اعلیٰ تعلیم یافتہ اور پروفیشنل ڈگری ہولڈرز تھے۔ 2021ء میں 2 لاکھ 25 ہزار پاکستانی بیرون ملک گئے۔ پچھلے دو سالوں میں 5 ہزار 5 سو 34 انجینئرز نے ملک چھوڑا۔ 18 ہزار ایسوسی ایٹ انجینئر ملک چھوڑ گئے۔25 سو ڈاکٹروں نے دیگر ممالک میں نوکریاں حاصل کیں۔ 2 ہزار کمپیوٹر ایکسپرٹس اور 12 ہزار کمپیوٹر آپریٹر ملک سے چلے گئے۔ 6 ہزار 5 سو اکاؤنٹنٹ، 9 سو اساتذہ، 16سو ٹرینڈ نرسز نے دو سال کے اندر ملک چھوڑا۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ایک ڈاکٹر، ایک انجینئر، ایک پروفیشنل کی تیاری پر بھاری رقوم خرچ ہوتی ہیں اور قومیں اپنے نوجوانوں کو ملک کی خدمت کیلئے تیار کرتی ہیں مگر پاکستان کا نوجوان مایوس ہے۔ سیاسی عدم استحکام، معاشی تباہی، کرپشن، بدعنوانی، اقرباپروری، لوٹ مار، قتل و غارت گری، دہشت گردی، بلا کی مہنگائی اور عدم تحفظ کی وجہ سے پڑھا لکھا ہنر مند دماغ پاکستان سے نکل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر چند درجن نااہل، نالائق اور کرپٹ حکمران ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ملک کی جان چھوڑ دیں تو لاکھوں تعلیم یافتہ نوجوانوں کو پاکستان میں خوشحال اور محفوظ مستقبل مل سکتا ہے۔
تبصرہ