غریب اور کم آمدنی والے خاندانوں سے جینے کا حق چھین لیا گیا :پاکستان عوامی تحریک
پی اے ٹی کی سی ای سی کے اجلاس میں پٹرول، گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی مذمت
اجلاس میں صدر قاضی زاہد، خرم نواز گنڈاپور، راجہ زاہد، ممبران ایگزیکٹو کمیٹی کی شرکت
لاہور (یکم فروری 2023) پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے ہنگامی اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد گھریلو سلنڈر کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ غریب اور کم آمدنی والے خاندانوں سے زندہ رہنے کا حق چھینا جا رہا ہے، حکومتوں کی نا اہلی اور کرپشن کی سزا عام آدمی بھگت رہا ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے معاہدے پبلک کئے جائیں اور قومی کمیشن بنایا جائے جو اس بات کا جائزہ لے کہ 56 ٹریلین کے قرضے لے کر کہاں خرچ کیے گئے۔
اجلاس میں مرکزی صدر قاضی زاہد حسین، خرم نواز گنڈاپور، راجہ زاہد محمود، میاں ریحان مقبول، نور احمد سہو، قاضی شفیق، اعجاز سدوزئی، ابرار رضا ایڈووکیٹ، ظفر اقبال، نصیر جدون، نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ، عارف چوہدری، سردار عمر دراز خان، عثمان خان، ڈاکٹر سلطان محمود چوہدری، میاں کاشف و دیگر ممبران نے شرکت کی۔
قاضی زاہد حسین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مظلوم سے انصاف، غریب سے روٹی، نوجوان سے روزگار چھن گیا اور کسی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ نظام کے خلاف نفرت عروج پر ہے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے اس استحصالی نظام کے بارے میں جو جو کہا تھا وہ سب سچ ثابت ہوا، ملک بچانا ہے تو مافیاز کو سپورٹ کرنے والے اس نظام سے جان چھڑانا ہوگی۔ اعجاز سدوزئی نے کہا کہ معاشی تباہی کی وجہ سے قومی سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہوگئے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے جو انتظامی خاکہ دیا تھا اس پر عمل کرنے میں ہی مسائل کا حل ہے۔
راجہ زاہد محمود نے کہا کہ عوامی تحریک سمجھتی ہے کہ الیکشن سے نہیں احتساب اور اصلاحات سے تبدیلی کا راستہ ملے گا۔ اس نظام کے خلاف بیداری شعور مہم کو تیز کریں گے، ہر ادارہ، ہر شخصیت، ہر جماعت نظام کو ناقص اور فرسودہ کہتی ہے مگر اسے بدلنے کیلئے کوئی سنجیدہ کوشش کرنے کیلئے تیار نظر نہیں آتا۔ ابرار رضا ایڈووکیٹ نے کہاکہ اس نظام نے ملک کو دیوالیہ اور نظریاتی جڑیں کھوکھلی کر دیں۔ قاضی شفیق نے کہا کہ الیکشن سے نہیں نظام میں جوہری تبدیلیوں سے تبدیلی کا راستہ نکلے گا۔ ڈاکٹر سلطان محمود چودھری نے کہاکہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں نے قومی جسم کو بے جان کر دیا۔ نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس جوں کا توں ہے، ناانصافی نے مایوسی کو جنم دیا۔ انصاف کے بغیر ملک معاشرے اپنا وجود برقرار نہیں رکھ پاتے۔
تبصرہ