پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوامی تحریک کا شدید ردعمل
حکمران عذاب بن کر نازل ہوئے: خرم نواز گنڈا پور
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ظلم ہے: سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
لاہور (29 جنوری 2023ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اپنے شدید ردعمل میں کہا ہے کہ یہ حکمران عذاب بن کر قوم پر نازل ہوئے ہیں۔ اسحاق ڈار معیشت بدلنے کے لئے نہیں بلکہ بدلہ لینے کے لئے چھٹی پر پاکستان آئے ہیں۔ کرپٹ رجیم نے پاکستان کو غریب کے لیے جیل اور عقوبت خانہ بنا دیا، حکمرانوں کی کرپشن، نااہلی اور سازشوں کی سزا کم آمدنی والے خاندانوں کو مل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار ایک کرپٹ، نااہل شخص ہے یہ معیشت ٹھیک کرنے آیا تھا اور اس نے معیشت کا بھرکس نکال دیا۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ حکمرانوں نے بدانتظامی کے ذریعے ملک کی معیشت کا برا حال کرکے تنخواہ دار اور غریب عوام کا جینا مشکل کردیا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کرکے غریب عوام کے منہ سے روٹی تک کا نوالہ چھین لیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کا مقصد ہے کہ ہر چیز ہی اب مزید مہنگی ہوجائے گی۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ظلم ہے۔ حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی، بیروزگاری، غربت، کرپشن، لوڈ شیڈنگ اور بدامنی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ پٹرول فی لیٹر 35 روپے بڑھا کر عام آدمی کا معاشی قتل کیا گیا ہے۔
تبصرہ