بجلی کا طویل ترین بلیک آؤٹ نا اہلی اور بے حسی کی انتہا ہے: خرم نواز گنڈاپور
چیف جسٹس نوٹس لیں بلیک آؤٹ کی وجوہات عوام کے سامنے لائی جائیں
طویل ترین بلیک آؤٹ کی وجوہات بتانے کی بھی توفیق نہ ملی: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
لاہور (23 جنوری 2023) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ بجلی کا طویل ترین بلیک آؤٹ نا اہلی اور بے حسی کی انتہا ہے۔ نا اہلوں نے پورا ملک اندھیرے میں ڈبو دیا اور عملاً بچی کچھی معیشت کا پہیہ جام کر دیا۔ جن ملکوں میں حکمران اہل اور حکومتی ادارے فعال ہوتے ہیں وہاں جنگ کے دوران بھی ایسا بلیک آؤٹ نہیں ہوتا۔ طویل ترین بلیک آؤٹ کے دوران وزیر اعظم کو اتنی توفیق نہ ہوئی کہ وہ اس کی وجوہات بیان کر سکیں یا متاثرہ عوام کو تسلی دے سکیں؟
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ طویل ترین بلیک آؤٹ کی وجہ سے ہسپتالوں میں آپریشن نہیں ہو سکے۔ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے مریض تڑپتے رہے اور کوئی متبادل انتظام نہیں کیا گیا۔ انٹرنیٹ معطل باہمی رابطے ختم ہو گئے۔ پاکستان عملاً زمانہ غار کی تصویر پیش کرتا رہا مگر حکومت اور اس کے اداروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو اس بلیک آؤٹ کی وجہ سے کوئی فرق نہیں پڑا کیونکہ ان کے ایوان اور رہائش گاہیں سرکاری پٹرول اور جنریٹروں کے ذریعے روشن رہیں۔ انہوں نے چیف جسٹس سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ وہ نوٹس لیں اور اس طویل ترین بلیک آؤٹ کی وجوہات معلوم کریں اور نا اہلی کہاں تھی عوام کے سامنے آنی چاہئیے۔
تبصرہ