لاء اینڈ آرڈر کی صورت حال خوفناک ہو چکی: پاکستان عوامی تحریک لاہور
لوگ سرشام گھروں سے نکلتے ہوئے ڈرتے ہیں، صدر لاہور ڈاکٹر سلطان چودھری
ڈاکو دن دہاڑے لوگوں کو ان کی جمع پونجی سے محروم کررہے ہیں، مشاورتی اجلاس میں اظہار خیال
لاہور (19 جنوری 2023ء) پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر ڈاکٹر سلطان چودھری نے کہا ہے کہ لاء اینڈ آرڈر کی صورت حال خوفناک ہو چکی ہے۔ ڈاکو دن دہاڑے دندناتے پھررہے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں کسی کی عزت محفوظ ہے اور نہ مال و جان۔ لوگ سرشام گھروں سے نکلتے ہوئے ڈرتے ہیں۔ لاہور میں ایک ہی روز چوہنگ، نواب ٹائون، ٹائون شپ، مناواں، مصطفی آباد سمیت متعدد ٹائونز میں شہریوں سے کروڑوں روپے چھین لئے گئے۔ ڈکیتی کے بیشتر واقعات کو چوری کے واقعات کے طور پر رپورٹ کیا جاتا ہے۔
انہوں نے لاہور تنظیم کے مشاورتی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پولیس لاء اینڈ آرڈر کو کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ سنگین جرائم میں ملوث عناصر درست تفتیش اور پراسیکیوشن نہ ہونے کی وجہ سے سزائوں سے بچ جاتے ہیں اورپھر ازسرنو جرائم کا ارتکاب کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف مہنگائی ہے دوسری طرف ڈاکو راج ہے۔ لوگوں کو ان کی جمع پونجی سے محروم کیا جارہا ہے۔ ڈاکو راج اور مہنگائی کی ایک بڑی وجہ سیاسی عدم استحکام بھی ہے۔ عوام پریشان ہیں کہ وہ تحفظ کے لئے کس کے دروازے پر دستک دیں؟
انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب موثر مانیٹرنگ اور گشت کے لئے خود نگرانی کریں اور عوام کو تحفظ دیں۔ لاہور میں سٹریٹ کرائم بھی خوفناک حد تک بڑھ چکا ہے۔ لاہور جیسے شہر میں درجنوں ایجنسیاں اور تمام بڑے افسران موجود ہوتے ہیں اس کے باوجود لاء اینڈ آرڈر کی صورت حال ناگفتہ بہ ہے۔ صوبہ کے دیگر اضلاع کی حالت زار کے بارے میں اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے۔
تبصرہ