چودھری شجاعت نے ن لیگ کا ساتھ دے کر عصر کے وقت روزہ توڑا: خرم نواز گنڈاپور
ق لیگ کے سربراہ کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کے ساتھ نہیں جانا چاہیے تھا
نہ جانے کس مجبوری کے تحت وہ ن لیگ کے ڈوبتے ٹائی ٹینک میں سوار ہوئے
لاہور (18 جنوری 2023ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ چودھری شجاعت حسین کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کے ساتھ نہیں جانا چاہیے تھا۔ انہوں نے عصر کے وقت روزہ توڑا اور نہ جانے کس مجبوری کے تحت وہ ن لیگ کے ڈوبتے ہوئے ٹائی ٹینک میں سوار ہوئے۔
خرم نواز گنڈاپور نے اپنے بیان میں کہا کہ چودھری شجاعت حسین سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کا قاتل شریف برادران کو قرار دیتے رہے اور انصاف کی جدوجہد میں مظوموں کے ساتھ رہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ چودھری شجاعت حسین نے ہمیشہ رواداری کی سیاست اور اخلاقی اقدار کی پاسداری کی اور وہ 20 سال ن لیگ کی بے اصولی سیاست کے خلاف سینہ سپر رہے۔ چودھری شجاعت حسین کا خاندان بذات خود بھی ن لیگ کی انتقامی سیاست کا شکار رہا ہے۔ نہ جانے کیوں وہ سب کچھ یک لخت بھول گئے؟۔ چودھری شجاعت حسین ایک ایسی جماعت کا ساتھ دے رہے ہیں جو سیاسی اقدار اور معیشت تباہ کرنے کی ذمہ دار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ان کی سیاسی جدوجہد کی قدر اور ان کی پیرانہ سالی کا احترام ہے مگر ان کا یہ فیصلہ زمینی حقائق کے برعکس ہے۔ جیسے ہی اسمبلیاں رخصت ہوئیں چودھری شجاعت حسین اور ان کے صاحبزادگان شریف برادران کا حقیقی چہرہ اور ان کے نمائشی احترام دونوں کا نظارہ کرلیں گے۔
تبصرہ