”ملکی مفاد ذات اور جماعت سے بالاتر ہوتا ہے“ خرم نواز گنڈاپور کی چودھری سرور سے ملاقات
لاہور (16 جنوری 2023ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور اور سابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے ملاقات کی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ چودھری سرور نے کہا کہ ملکی مفاد ذات اور جماعت سے بالاتر ہوتا ہے، میری سیاست پاکستان کیلئے ہے اللہ نے مجھے جب بھی موقع دیا میں نے ملک کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کیا آئندہ بھی اول آخر میری سیاست پاکستان کیلئے ہے۔ چودھری سرور نے کہا کہ معیشت کی بہتری کیلئے میرا ایک عملی کردار رہا ہے، جی ایس پی پلس سٹیٹس کیلئے میں نے ذاتی حیثیت میں درجنوں یورپین پارلیمنٹیرینز سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے معاشی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ سیاسی عدم استحکام ہر گزرتے دن کے ساتھ معاشی بحران کو گہرا کر رہا ہے۔
خرم نواز گنڈاپور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کی جڑ یہ نظام ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے قومی جسم کو لاحق عارضہ کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا تھا کہ نظامِ انتخاب کو آئین کے تابع لانا ہو گا، نظامِ انتخاب کو ٹھیک کئے بغیر اصلاح کا آغاز نہیں ہو گا، موجودہ نظامِ انتخاب کے تحت سو الیکشن بھی ہو جائیں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ الیکشن کمیشن کے پاس دھاندلی روکنے کی استعداد نہیں ہے، ہم نے کراچی کے بلدیاتی انتخابات کا منظر اپنی آنکھوں سے دیکھ لیا، جب تک عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا آزادانہ حق نہیں ملے گا بہتری نہیں آئے گی۔اس موقع پر اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق علمبردار رحیم علی رزاق بھی موجود تھے۔
تبصرہ