اس نظام میں چادر اور چار دیواری غیر محفوظ ہے: سینیٹر اعظم سواتی
تحریک انصاف کے مرکزی رہنما کی خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے آواز اٹھاتے رہیں گے: رہنما پی ٹی آئی
مافیا خود کو قانون سے بالاتر سمجھتا ہے: سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک کی گفتگو
لاہور (13 جنوری 2023ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سینیٹر اعظم سواتی نے پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور موجودہ سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ اعظم سواتی نے کہا کہ عدل و انصاف کے قومی اداروں کو باوقار اور مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں تاکہ کوئی طاقت اور دولت کے بل بوتے پر بنیادی انسانی حقوق، آئین و قوانین اور اخلاقیات کو پامال نہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت ہے اور نہ کوئی عدل و انصاف کا نظام، سانحہ ماڈل ٹاؤن اس کی ایک جیتی جاگتی تصویر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام میں بنیادی انسانی حقوق اور چادر اور دیواری غیر محفوظ ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لئے آواز اٹھاتے رہیں گے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اس نظام کو ترقی کا سب سے بڑا دشمن قرار دیا اور اس کے لئے جدوجہد کی۔ عوامی تحریک کے کارکنوں نے اس ظالم نظام سے لڑتے ہوئے جانیں دیں اور پچھلے 8 سال سے جھوٹے مقدمے بھگت رہے ہیں مگر آج بھی ہمارا یہی موقف ہے کہ اس نظام کے ہوتے ہوئے کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ اس نظام نے مافیاز کو اتنا مضبوط کر دیا ہے کہ وہ خود کو احتساب سے بالاتر سمجھتے ہیں۔ سینیٹر اعظم سواتی نے جمعہ کی نماز جامع شیخ الاسلام میں ادا کی۔ اس موقع پر بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، نوراللہ صدیقی، جواد حامد و دیگر قائدین موجود تھے۔
تبصرہ