لاہور کے تاجروں کے وفد کی خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات
کرپٹ سرکاری مشینری کے ہوتے ہوئے کاروبار کرنا مشکل
ہو گیا: رانا منظورخان
گندم پر سبسڈی ختم کیے بغیر چور بازاری ختم نہیں ہوگی، حافظ عارف
تاجروں کو دیوار میں چن کر کون سی معیشت بحال کی جارہی ہے؟: خرم نواز گنڈاپور
لاہور (11جنوری 2023) کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن لاہور کے مرکزی عہدیداروں نے چیئرمین رانا منظور احمد خان کی قیادت میں مرکزی سیکرٹریٹ میں سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور اور عوامی تاجر اتحاد کے کوآرڈینیٹر الطاف حسین رندھاوا سے ملاقات کی۔ اس موقع پر رانا منظور احمد خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکمران غریب کے لئے نہیں اپنے لئے بڑی بڑی سبسڈیز کا اعلان کرتے ہیں۔ یہی کرپشن اور کمیشن کا چور دروازہ ہے جسے بند ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آٹے کا بحران مصنوعی طور پر پیدا کیا گیا۔ آٹے کی یومیہ ضرورت 22ہزار میٹرک ٹن ہے جبکہ حکومت کی طرف سے 26ہزار میٹرک ٹن فراہم کی جارہی ہے اس کے باوجود لمبی لمبی قطاریں کیوں لگی ہوئی ہیں؟ حقیقت یہ ہے کہ حکمران اور بیوروکریٹس فلور ملز مالکان کے ساتھ مل کر لوٹ مار کررہے ہیں۔ گندم فلور ملوں میں جانے سے پہلے ہی کھلی مارکیٹ میں بیچ دی جاتی ہے۔ گندم کے سرکاری اور بازاری نرخوں میں 3500روپے کا فرق ہے۔ ایسا کیوں ہے؟اس پر نظررکھنا کس کی ذمہ داری ہے؟
کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن لاہور کے صدر چودھری عارف گجر نے کہا کہ آٹے پر سبسڈی ختم کئے بغیر چور بازاری ختم نہیں ہو گی۔ سبسڈی کے ذریعے حکمران لوٹ مار کا دروازہ کھولتے ہیں، کرپٹ سرکاری مشینری کے ہوتے ہوئے کاروبار کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ حکمران اور بیوروکریٹس اپنے اللے تللے پورے کرنے کے لئے ہر وقت تاجروں کی کھال اتارنے کے درپے رہتے ہیں۔ عوام ٹیکس اس لئے نہیں دیتے انہیں پتہ ہے ہمارا ٹیکس کسی کی مرسٹڈیز اور کسی کے جہاز کے پٹرول کی مد میں خرچ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کو حکم دینے والے حکمران بتائیں وہ آج تک خود عام آدمی کو تعلیم، صحت کی سہولتیں کیوں نہیں دے سکے ؟اور آئے روز بجلی، گیس، ڈیزل ،پٹرول مہنگا کیوں کرتے ہیں؟ جب بجلی، گیس، پٹرول مہنگا ہو گا تو ہر چیز مہنگی ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یوٹیلٹی سٹوروں کے نام پر قومی خزانے کو 70 ارب روپے کا ٹیکہ لگایا جا چکا۔ اس کرپٹ نظام کے ہوتے ہوئے پاکستان معاشی اعتبار سے کبھی پائوں پر کھڑا نہیں ہو سکے گا۔
سیکرٹری جنرل عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ تاجر برادری متحد ہو، گھر بیٹھے حق نہیں ملے گا، رشوت خور سرکاری کالی بھیڑوں کو میڈیا پر بے نقاب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تاجروں کو دیوار میں چن کر کون سی معیشت بحال کرنا چاہتی ہے؟ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ دیقی بھی موجود تھے،تاجر برادری کے وفد میں وائس چیئرمین شیخ محمد ریاض، چودھری اسلم بہادر، فیاض بٹ، مقصود الرحمن بھٹی، میاں محمد اسماعیل، محمد راجہ، طاہر ثقلین بٹ، رانا محمد حنیف، محمد ابوبکر، رانا محمد شعیب، حاجی عبدالمنان، حاجی شاہد اکرم، اعجاز احمد ملک ایڈووکیٹ، معاذ مقصود شامل تھے۔
تبصرہ