مارکیٹیں 8 بجے بند کرنے سے کوئی بہتری نہیں آئے گی: الطاف حسین رندھاوا
آبی ذخائر تعمیر نہ کرنے والے حکمران ملک و قوم کے مجرم ہیں: مرکزی کوارڈینیٹر عوامی تاجر اتحاد
ناکام حکمران پولیس اور تاجروں کو لڑانا چاہتے ہیں، حکومتی معاشی پالیسیاں درست نہیں
عوامی تاجر اتحاد کے ہنگامی اجلاس سے خطاب، تاجروں کے خلاف بلاجواز ایف آئی آرز کے اندراج کی مذمت
لاہور (9 جنوری 2023) عوامی تاجر اتحاد پاکستان کا ہنگامی اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مارکیٹیں رات آٹھ بجے بند کرنے، تاجروں کے خلاف بلا جواز ایف آئی آرز کے اندراج پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ پاکستان عوامی تاجر اتحاد کے مرکزی کوارڈینیٹر الطاف حسین رندھاوا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مارکیٹیں 8 بجے بند کرنے سے کوئی بہتری نہیں آئے گی۔ آبی ذخائر تعمیر نہ کرنے والے حکمران ملک و قوم کے مجرم ہیں۔ ناکام حکمران پولیس اور تاجروں کو لڑانا چاہتے ہیں، حکمرانوں کی معاشی پالیسیاں درست نہیں۔ حکمران تاجروں کا معاشی قتل بند کریں۔ تاجر برادری ملک کی معیشت کا اہم ستون ہے۔ حکمران اپنے غیر دانشمندانہ فیصلے تاجروں پر مسلط کرنے سے باز رہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکمران تاجر برادری کو اعتماد میں لے کر معیشت کو مزید مشکلات سے بچانے کا کوئی لائحہ عمل طے کرنے کی کوشش کریں۔ برآمدات اور ترسیلات زر میں بھی کمی آرہی ہے یہ رحجان ایک غیر یقینی معاشی مستقبل کی طرف اشارہ کررہے ہیں جو کہ کاروباری برادری کے لئے انتہائی تشویش کا باعث ہے۔ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پیداواری و کاروباری سرگرمیاں مسلسل کم ہوتی جارہی ہیں جس کی وجہ سے لاکھوں لوگ بیروزگار ہورہے ہیں۔ چھوٹے تاجر رمضان المبارک کی آمد سے پہلے قرض لے کر کاروبار کرتے ہیں۔ حکمران اس طرح کی پابندیاں سیزن شروع ہونے کے وقت ہی کیوں لگاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس دوکانداروں اور تاجروں کے خلاف بلا جواز ایف آئی آرز درج کررہی ہے جس کی عوامی تاجر اتحاد شدید مذمت کرتی ہے۔ چھوٹے تاجروںک ا سیزن شروع ہوچکا ہے، معیشت پہلے ہی وینیٹیلیٹر پر ہے ایسے فیصلوں سے معیشت بالکل تباہ ہوجائے گی حکمرانوں کو تاجر دشمن فیصلوں پر نظر ثانی کرنا ہوگی۔ اگر تاجروں نے دوکانیں بند کردیں تو بے روزگاری مزید بڑھ جائے گی۔ حکمران تاجروں پر پابندیاں لگانے کی بجائے مراعات یافتہ طبقے کی مراعات کیوں نہیں ختم کرتے؟ تاجر طبقہ پہلے ہی پسا ہوا ہے مزید نقصان سے بچایا جائے۔ انرجی بحران کے نام پر حکومت کی ناقابل فہم پالیسیاں سمجھ سے بالاتر ہیں۔
اجلاس میں حاجی محمد اسحاق، راشد چوہدری، محمد نوید بٹ، ثاقب بھٹی، رانا منظور احمد خان، عثمان افضل، فاروق علوی، حاجی اختر سمیت دیگر سینئر تاجر رہنماؤں نے شرکت کی ۔
تبصرہ