عوامی تحریک سی ڈبلیو سی کااجلاس، آٹا بحران پر سوموٹو ایکشن کی اپیل
ایک وقت تھا سموسے، چینی، چٹنی پر بھی سوموٹو ایکشن لئے جاتے تھے :خرم نواز گنڈاپور
آٹے کے بحران میں وفاقی اور صوبائی حکومتیں برابر کی ذمہ دار ہیں :سیکرٹری جنرل
ملی بھگت کے ساتھ فلور ملوں کے ذریعے سرکاری گندم مہنگے داموں بیچی گئی
لاہور (10 جنوری 2023) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے سنٹرل ورکنگ کونسل کے ہنگامی اجلاس میں آٹے گندم کے مصنوعی بحران پر سپریم کورٹ آف پاکستان سے سوموٹو ایکشن لینے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا سموسے، چینی، چٹنی پر بھی سوموٹو ایکشن لئے جاتے تھے۔ آج کروڑوں عوام آٹے کے لئے دربدر ہیں مگر کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ آٹے، گندم کے بحران میں وفاقی اور صوبائی حکومتیں برابر کی ذمہ دار ہیں۔ ملی بھگت کے ساتھ سرکاری گندم فلور مل مالکان کے ذریعے مہنگے داموں کھلی مارکیٹ میں بیچی گئی اور سمگل کروائی گئی۔ تاریخ لکھی جائے گی غریب روٹی اور طاقتور تخت کیلئے دست و گریبان تھے۔
انہوں نے کہا کہ غریب کی حالت زار دیکھ کر دل خون کے آنسورورہا ہے۔ ایک آٹے کے تھیلے کے لئے لوگ گروہوں کی شکل میں سڑکوں پر مارے مارے پھررہے ہیں۔ بحران کو حل کرنے کی بجائے وفاق اور صوبوں کے حکمران ایک دوسرے پر الزام تراشی کررہے ہیں۔یہ قیامت کی گھڑی نہیں تو اور کیا ہے۔ کسی حکمران اور کسی صاحب اختیار کو عوام کی بے بسی کے ان مناظر پر شرم تک نہیں آرہی۔ یہ لوگ اس طرح کا رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں جیسے نہ یہ ملک ان کا ہے اورنہ عوام کے ساتھ انہیں کوئی سروکار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بحران کی مدت دو سے تین ماہ ہوتی ہے اور اسی دوران مافیا کارروائی ڈالتا ہے۔ آٹے اور گندم کے معاملے میں بھی مافیا کارروائی ڈال چکا اب روس چین کی گندم کے ذریعے بحران پر قابو پانے کے کریڈٹ لئے جائیں گے۔ ہماری آنکھوں کے سامنے وقفے وقفے سے پٹرول، ڈیزل، چینی، ٹماٹر، پیاز، آٹے کے بحران آتے ہیں۔ مافیا نے لوٹ مار کا سالانہ شیڈول بنا رکھا ہے اور اسی شیڈول کے مطابق بحران آتے اور ٹلتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ بیوروکریٹس اور مقتدر حلقے لوٹ مار میں ملوث ہیں۔ دولت کی ہوس میں اندھے ، نفسیاتی مریض حکمرانوں کی وجہ سے کروڑوں عوام فاقوں کی دہلیز پر بیٹھے ہیں۔ دکھ کے ساتھ کہہ رہے ہیں کسی نے سانحہ مشرقی پاکستان سے کوئی سبق حاصل نہیں کیا۔
تبصرہ