دہشتگردوں کے ہاتھوں دو افسران کی شہادت پر افسوس ہے: عوامی تحریک
کے پی کے، بلوچستان کے بعد پنجاب میں دہشتگردی لمحہ فکریہ ہے: قاضی زاہد حسین
دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے سیاسی عدم استحکام کا خاتمہ ضروری ہے: صدر
لاہور (5 جنوری 2023ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے جنوبی پنجاب خانیوال میں حساس ادارے کے 2 افسران کی دہشت گردوں کے ہاتھوں شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے امن کو سبوتاژ کرنے والے دہشت گردوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا اور سہولت کاروں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے۔ کے پی کے، بلوچستان کے بعد پنجاب میں دہشت گردی کی کارروائیاں لمحہ فکریہ ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردی پر قابو پانے کے لئے سیاسی عدم استحکام کا خاتمہ ضروری ہے۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کی عالمی مہم کافرنٹ مین اتحادی بن کر بھاری جانی و مالی قیمت ادا کی۔ پاکستان مزید کوئی قیمت ادا نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ نے کالعدم تحریک طالبان کو ایک حقیقت تسلیم کرتے ہوئے ان سے مذاکرات کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ یہ خوش آئند بات ہے تاہم حزب مخالف کی سیاسی جماعتوں کو بھی عوامی سیاسی حقیقت تسلیم کرتے ہوئے حکومت ان سے مذاکرات کرے تاکہ ہزاروں شہادتوں کے نتیجے میں حاصل ہونے والے امن کو سبوتاژ ہونے سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا مرتب کردہ امن نصاب انتہا پسندی اور دہشت گردوں کے خاتمہ کا بہترین نصاب ہے۔ حکومت اور ادارے اس سے استفادہ کریں۔
تبصرہ