بروقت الیکشن کروانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے: عوامی تحریک
اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات روک کر عوام کو ووٹ کے استعمال کے حق سے محروم کیا گیا
عوامی تحریک نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں بااختیار الیکشن کمیشن کیلئے لانگ مارچ کیا: خرم نواز گنڈاپور
لاہور (28 دسمبر 2022) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہر حکومت بلدیاتی انتخابات سے بھاگتی اور اختیار و وسائل پر پنجہ اور شکنجہ مستحکم کرنے کے لئے غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کرتی ہے۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے اسلام آباد میں اعلان کے باوجود بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنا عوام کو ووٹ کے استعمال اور بلدیاتی نمائندے منتخب کرنے کے آئینی حق سے محروم کرنا ہے۔ الیکشن کمیشن کو بااختیار اور قابل اعتماد آئینی ادارہ بنانے کے لئے اسے آئین کے آرٹیکل 218 اور 232 کے تحت مکمل اختیار دینا ہوں گے۔ پاکستان عوامی تحریک واحد سیاسی جماعت ہے جس نے الیکشن کمیشن کو مضبوط اور بااختیار ادارہ بنانے کے لئے ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں لاکھوں افراد کے ہمراہ لانگ مارچ کیا۔ چیف الیکشن کمشنر اور کمیشن کے ممبرز کو ادارے کی ساکھ کے لئے جرأتمندانہ فیصلے کرنے چاہئیں۔ آئین کے مطابق ہر سطح کے انتخابات کا بروقت انعقاد الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے جو پوری نہیں ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن جو فیصلہ دیتا ہے ریورس ہو جاتا ہے اور کچھ فیصلوں میں الیکشن کمیشن خود ریورس ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہونے کے بعد وفاقی کابینہ نے یونین کونسلز بڑھانے کی منظوری دی جبکہ الیکشن کمیشن کے اعلان کے بعد کسی قسم کی قانون سازی نہیں ہوسکتی ایسا اقدام پری پول دھاندلی کے زمرے میں آتا ہے مگر افسوس اس ضمن میں الیکشن کمیشن نے کمزوری دکھائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے ڈسکہ این اے 75 کے ضمنی انتخابات میں بدنظمی اور دو اموات پر ڈی سی سیالکوٹ کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی کارروائی شروع کی تو اسے عدالت نے معطل کر دیا اگر الیکشن کمیشن کے فیصلے مسترد ہوتے رہے تو صاف شفاف الیکشن کا خواب خواب ہی رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے بغیر ملک میں حقیقی جمہوریت قائم نہیں ہو گی۔
تبصرہ