عوامی تحریک کے سینئر رہنماؤں کی لاہور کے عہدیداران و کارکنان کے گھروں میں آمد
منہاج القرآن و عوامی تحریک لاہور کے عہدیداران کے عزیز و اقارب کے انتقال پر اظہار تعزیت
کارکنان پاکستان عوامی تحریک کا اثاثہ اور فخر ہیں: راجہ زاہد محمود
طالب حسین قادری کے انتقال سے عوامی تحریک ایک مخلص، بہادر رہنما سے محروم ہوگئی ہے: سینئر نائب صدر
لاہور (17 دسمبر 2022ء) پاکستان عوامی تحریک کے سینئر نائب صدر راجہ زاہد محمود نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خصوصی ہدایت پر سینئر رہنماؤں پر مشتمل وفد کے ہمراہ لاہور کے مختلف علاقوں میں تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے عہدیداران و کارکنان کے گھروں میں جاکر ان کے عزیزوں کے انتقال پر تعزیت کی اور ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں نے کارکنان کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا تعزیتی پیغام بھی پہنچایا۔ وفد میں مرکزی کوارڈینیٹر پاکستان عوامی تحریک عارف چوہدری، صدر عوامی تحریک لاہور ڈاکٹر سلطان محمود چوہدری، چیئرمین عوامی تاجر اتحاد حاجی محمد اسحاق، ثاقب بھٹی، اصغر ساجد، ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو، میاں ارشد، عادل بٹ، چاچا لطیف، جلیس جلالی، قاضی افتخار و دیگر شامل تھے۔
عوامی تحریک کے رہنماؤں نے عوامی تحریک لاہور کے سابق صدر طالب حسین قادری کے ایصال ثواب کے لئے منعقدہ دعائیہ تقریب میں شرکت کی اور ان کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ وفد نے عوامی تحریک لاہور کے جنرل سیکرٹری سید گلزار شاہ کے والد (مرحوم) کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔ عوامی تحریک کے رہنماؤں نے شاہد لطیف بٹ کی والدہ (مرحومہ) کے درجات کی بلندی اور جملہ پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے راجہ زاہد محمود نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان ہمارا اثاثہ اور فخر ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کی عوام دشمن نظام کے خلاف جدوجہد قابل تحسین ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے سابق صدر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے دیرینہ ساتھی طالب حسین قادری کے انتقال سے پارٹی ایک مخلص، بہادر رہنما سے محروم ہو گئی ہے۔ ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔ اس خلاء کو پورا کرنے میں بڑ ا وقت لگے گا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے جملہ مرحومین کے درجات کی بلندی، بخشش و مغفرت کے لئے خصو صی دعا کی ہے۔
تبصرہ