عوامی تحریک کی سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس، اے پی ایس کے شہدا کی برسی پر فاتحہ خوانی
کسی صورت بھی معصوم بچوں اور اساتذہ کی قربانیوں کو نہیں بھول سکتے: خرم نواز گنڈاپور
معصوم بچوں نے اپنے خون سے محفوظ اور پر امن پاکستان کی تاریخ لکھی، سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
پاکستان کو ایسا فلاحی معاشرہ بنانا ہو گا جہاں فرقہ واریت، لسانیت، اور انتہا پسندی برداشت نہ ہو
شہدا اے پی ایس کی یاد میں منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں میں دعائیہ تقاریب، شمعیں روشن کی گئیں
لاہور (15 دسمبر 2022ء) پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں آرمی پبلک سکول پشاور کے معصوم شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اجلاس میں شہدائے پشاور کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی، لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ آج سانحہ آرمی پبلک سکول کو 8 برس بیت گئے، ہم کسی صورت بھی معصوم بچوں اور اساتذہ کی قربانیوں کو نہیں بھول سکتے۔ انسانیت و امن کے دشمنوں اور سفاک دہشتگردوں نے معصوم بچوں پر جو قیامت ڈھائی، اس کا درد آج بھی بچوں کے والدین، اساتذہ، رشتے داروں اور پوری پاکستانی قوم کے دلوں میں تازہ ہے۔ معصوم بچوں اور اساتذہ نے اپنے خون سے محفوظ اور پر امن پاکستان کی تاریخ لکھی۔ انہوں نے کہاکہ شہدا اے پی ایس کی قربانیوں کے سبب قوم کا مثالی اتحاد اور اتفاق سامنے آیا، شہید بچوں نے قوم کو نیا حوصلہ اور عزم دیا، جس کے باعث سفاک دہشتگردوں کو شکست ہوئی اور پاکستان امن کے راستے پر گامزن ہوا۔ ہم شہید بچوں، اساتذہ اور ان کے خاندانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنا آج ہمارے کل کیلئے قربان کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم نے جو قربانیاں دیں وہ شاید ہی کسی دوسری قوم نے دی ہوں۔ سانحہ اے پی ایس نے پاکستانی قوم میں دہشتگردی کے خلاف تاریخ ساز وحدت کو جنم دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایسا جمہوری و فلاحی معاشرہ بنانا ہو گا جہاں فرقہ واریت، لسانیت، تشدد اور انتہاپسندی کو برداشت نہ کیا جائے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ ابھی جاری ہے۔ اتحاد، استحکام اور یک سوئی کو قائم رکھنا ہو گا، یہ جنگ ہم نے اپنی اگلی نسل کیلئے جیتنی ہے۔
سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں سینئر رہنماؤں، ممبران سی ای سی بریگیڈئیر (ر) اقبال احمد خان، انجینئر محمد رفیق نجم، علامہ رانا محمد ادریس، راجہ زاہد محمود، نور اللہ صدیقی، جواد حامد، ڈاکٹر فرح ناز، سدرہ کرامت، حافظ غلام فرید، عارف چوہدری، رانا فیاض احمد، مظہر محمود علوی، چوہدری عرفان یوسف، عبد الرحمان ملک، جاوید ہزاروی، ثنا اللہ خان، عائشہ مبشر، نورین علوی، انیلہ الیاس، عائشہ شبیر، سردار عمر دراز خان، حافظ سعید رضا بغدادی سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔
دریں اثنا سانحہ اے پی ایس کے شہدا کی 8ویں برسی کے موقع پر منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں قائم گوشہ درود، منہاج یونیورسٹی، ملک بھر میں قائم تحریک منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں، آغوش آرفن کیئر ہوم، تحفیظ القرآن انسٹی ٹیوٹ میں فاتحہ خوانی و قرآن خوانی کی گئی، شہدا کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔
تبصرہ