”ایتھلیٹ“ وزیرخزانہ سے ملک میں رہنے کی گارنٹی لی جائے: عوامی تحریک
مہنگائی کم ہوئی نہ معیشت کا پہیہ چلا، تجربہ کاروں کا تجربہ کسی اور کام میں ہے
وزیراعظم کا طیارہ اسحاق ڈار کو لانے اورلے جانے کے لئے استعمال کرنا زیادتی ہے
میاں ریحان مقبول، قاضی شفیق، عارف چودھری کا اجلاس میں اظہارخیال
لاہور (10 دسمبر2022ء) پاکستان عوامی تحریک کے مشاورتی اجلاس میں مرکزی راہ نماؤں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ”ایتھلیٹ“ وزیر خزانہ سے ملک میں رہنے کی گارنٹی لی جائے۔ جب بھی ن لیگ کی حکومت خاتمے کے قریب ہوتی ہے اسحاق ڈار صاحب پُھر کرکے اڑ جاتے ہیں۔ وزیراعظم کا طیارہ ایکسپورٹ بڑھانے کے لئے استعمال ہونا چاہیے۔ اسحاق ڈار کو لانے اور لے جانے کے لئے طیارے کا استعمال ہونا زیادتی ہے۔
مشاورتی اجلاس میں میاں ریحان مقبول نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ایک بی بی کہتی تھیں عالمی سطح پر ایک ڈالر بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہوئیں تو اس کا فائدہ عوام کو پہنچے گا۔ 50 ڈالر تک قیمتیں کم ہو چکیں مگر کوئی ریلیف ملا اور نہ ہی بی بی کا پتہ چل رہا ہے کہ وہ آج کل کہاں ہیں؟۔
قاضی شفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ثابت ہو گیا تجربہ کار جماعتوں کے پاس معیشت کو پٹڑی پر چڑھانے کا کوئی لائحہ عمل نہیں ہے۔ ان کا تجربہ مال غنیمت کو محفوظ مقامات تک منتقل کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ نے احتساب کو ختم کرنے کی ترمیمیں پاس کر کے اسلامی ملک پاکستان کے تشخص کو نقصان پہنچایا۔ احتساب کے بغیر کوئی ملک اور معاشرہ پاؤں پر کھڑا نہیں ہو سکتا۔
عارف چودھری نے کہا کہ نظام کی تبدیلی کی واحد آواز پاکستان عوامی تحریک ہے۔ ہمارے کارکنوں نے اس ظالم نظام کے خلاف جانیں دیں۔ جھوٹے مقدمے سہے مگر اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے۔ ہمیں وزیر، مشیر بننے میں کوئی دلچسپی نہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ایک ایسی پارلیمنٹ وجود میں آئے جو حقیقی معنوں میں عوام اور پاکستان کے مفادات کی محافظ اور نمائندہ ہو۔ ایک ایسی پارلیمنٹ جو قومی دولت اور قومی اثاثوں کی دیانتداری کے ساتھ حفاظت کرے اور عوام کا حق عوام تک پہنچائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی نمائندہ پارلیمنٹ موجودہ نظام کے تحت وجود میں نہیں آسکتی۔ اگر پاکستان کو بحرانوں سے نکالنا ہے تو متناسب نمائندگی کا نظام لانا ہو گا۔
تبصرہ