امیر ملک غریب ملکوں کے کرپٹ عناصر کو پناہ دینا بند کر یں: خرم نواز گنڈاپور
احتساب قوانین میں ترامیم کر کے کرپشن کا دروازہ کھولا گیا
بیرونی بنکوں سے قرض لینے والے کھرب پتی بن گئے۔ عوام سود ادا کر رہے ہیں
سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک کی انسداد کرپشن کے عالمی دن کے موقع پر گفتگو
لاہور (9 دسمبر 2022ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے انسداد کرپشن کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ پاکستان 130 ارب ڈالر کا مقروض ہے، یہ پیسہ کہاں خرچ ہوا کوئی بتانے کیلئے تیار نہیں، بیرونی بنکوں سے قرض لینے والے ارب، کھرب پتی بن گئے۔ 23 کروڑ عوام سود ادا کر رہے ہیں۔ قرضوں اور غربت کی وجہ کرپشن ہے۔ امیر ملک غریب ملکوں کے کرپٹ عناصر کو پناہ دینا بند کر دیں، جب تک نسلوں کے مستقبل تاریک کرنے والے کرپٹ عناصر کو زہر کے ٹیکے لگا کر قبروں میں نہیں اتارا جائے گا، ملک لٹتا رہے گا۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پارلیمنٹ نے احتساب قوانین میں ترامیم کر کے کرپشن کا دروازہ کھولا ہے، اس ترمیم میں حصہ لینے والوں کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔ امید ہے سپریم کورٹ ان قوانین میں ترمیم کرنے والوں کے خلاف اچھا فیصلہ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کیلئے سنجیدہ اور عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ ترقی و خوشحالی کیلئے ایمانداری کی ضرورت ہے۔ کرپشن ایک ایسی مہلک بیماری ہے جو دوسری کئی بیماریوں کو جنم دیتی ہے۔ کرپٹ سیاستدانوں نے ترقی کے ساتھ کرپشن کو لازم و ملزوم کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کرپٹ سیاسی نظام کو بدلنے کی ضرورت ہے تا کہ سیاست اور بدعنوانی کے راستے منقطع کئے جا سکیں۔ کرپشن سے آنکھیں بند کر لینا، این آر او کے نام پر کرپٹ لوگوں کو رعائتیں دینا انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔
تبصرہ