100 الیکشنوں سے بھی تبدیلی نہیں آئے گی: خرم نواز گنڈاپور
عمران خان الیکشن کی تاریخ مانگنے کی بجائے نظام سے نجات کی جدوجہد کریں
ایٹمی و زرعی ملک پیاز، ٹماٹر، ادرک، لہسن کے بحران میں مبتلا ہے: سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
دو خاندانوں کے طویل ترین اقتدار نے ملک اور عوام کو کوڑی کوڑی کا محتاج کیا
لاہور (7 دسمبر 2022ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پھر کہتے ہیں 100 الیکشنوں سے بھی تبدیلی نہیں آئے گی، عمران خان الیکشن کی تاریخ مانگنے کی بجائے اس کرپٹ نظام سے نجات کی جدوجہد شروع کریں۔ دو خاندانوں کے طویل ترین کرپٹ اقتدار نے ملک اور عوام کو کوڑی کوڑی کا محتاج کر دیا۔ ایٹمی و زرعی ملک پاکستان آج پیاز، ٹماٹر، ادرک، لہسن کے بحران میں مبتلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ خاندانوں، انگریز دور کی فکری تربیت یافتہ بیوروکریسی اور اس نظام کا گٹھ جوڑ توڑنا ہو گا۔ وہ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی قائدین ومختلف اضلاع سے آئے ہوئے وفود سے بات چیت کررہے تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ عوام بھی خدا کا خوف کریں۔ جدی پشتی سیاسی لٹیروں کے نعرے لگانے کی بجائے ان سے اپنی محرومیوں کا حساب مانگیں۔ کرپٹ سیاستدانوں کے نعرے لگا کر اب اپنے بچوں کا مستقبل تاریک نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ جو سیاستدان اور ان کے بچے اپنے کاروبار، تعلیم و صحت کے لئے پاکستان کو محفوظ نہیں سمجھتے انہیں اقتدار کی کرسی پر بار بار کیوں بٹھایا جاتا ہے؟ جب قوم اپنے ساتھ خود زیادتی کرنا بند کر دے گی تو حالات بھی بدل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں نے اس ظالم نظام سے نجات کے لئے جانی و مالی قربانیاں دی ہیں۔ ان شاء اللہ تعالیٰ یہ قربانیاں رنگ لائیں گی اور اس ملک کو لوٹنے اور بے گناہ انسانوں کو قتل کرنے والے عبرت کا نشان بنیں گے۔
تبصرہ