عمران خان کا واسطہ سیاسی ذہنوں سے نہیں مافیا سے ہے: میاں ریحان مقبول
اسمبلیوں سے نکلنے کی بجائے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف دلوائیں: صدر سنٹرل پنجاب
حکومت ختم ہوئی تو راولپنڈی بحفاظت چھوڑ کر آنے والی پولیس واپسی کے لئے ڈنڈے مارے گی
لاہور (28 نومبر 2022ء) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ اسمبلیوں سے نکلنے کا فیصلہ کر کے عمران خان اپنا گریبان پی ڈی ایم کے ہاتھوں میں دینے کی بجائے انہی اسمبلیوں سے اس نظام کی اصلاح کے لئے قراردادیں منظورکروائیں اور ایسی قانون سازی یقینی بنائیں جو پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے میں مددگار ثابت ہو۔ عمران خان نے صوبائی حکومتیں چھوڑ دینے کا فیصلہ کیا تو وہ یاد رکھیں راولپنڈی بحفاظت چھوڑ کر آنے والی پولیس واپسی کے لئے ڈنڈے مارے گی اور چادر اور چاردیواری کے تقدس کی پامالی کے ایسے خوفناک واقعات رونما ہوں گے کہ پچھلے سارے بھول جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے عمران خان کو یقین دلایا ہے کہ وہ کہیں گے تو 60 سیکنڈ میں حکومت سے باہر آجائیں گے۔ ان کا یہ بیان اپنی جگہ پر مگر وہ ایک زیرک، کہنہ مشق اور جہاں دیدہ سیاستدان ہیں، وہ اسمبلی کے اندر اور باہر کی کی سیاست کو اچھی طرح سمجھتے ہیں وہ اور مونس الٰہی یقیناً بند کمرے میں عمران خان کو اس جذباتی فیصلے پر نظرثانی کا ضرور مشورہ دیں گے۔ عمران خان کو علم ہونا چاہیے کہ ان کا واسطہ سیاسی ذہنوں سے نہیں مافیا سے ہے۔ اس مافیا کی کوئی اخلاقیات نہیں ہیں۔ جب سے عمران خان نے اسمبلیوں سے نکلنے کا اعلان کیا ہے اشرافیہ جشن فتح کی تاریخ کے تعین پر غور کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بہتر ہو گا عمران خان اسمبلیوں کی باقی ماندہ مدت سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف دلوانے کے لئے استعمال کریں اور الیکشن کی تاریخ مانگنے پر توانائیاں صرف کرنے کی بجائے اس نظام سے جان چھڑانے کے لئے کردار ادا کریں۔
تبصرہ