عوامی تاجر اتحاد کے وفد کی لاہور چیمبر آف کامرس کے نومنتخب صدر کاشف انور سے ملاقات
عوامی تاجر اتحاد کے وفد نے کاشف انور کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی
بزنس کمیونٹی کو کاروباری سرگرمیوں میں سہولیات فراہم کرنا چیمبر کی اولین ترجیح ہے:کاشف انور
عوامی تاجر اتحادکاروباری برادری اور چیمبر کے درمیان رشتے کو مزید مضبوط کرنے کیلئے کوشاں ہے، الطاف رندھاوا
وفد میں راشد چوہدری، نوید بٹ، رانا منظور احمد، طارق حفیظ شیخ، شہزاد خان شامل تھے
لاہور (24 نومبر 2022ء) عوامی تاجر اتحاد کے وفد نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ کاشف انور کو صدر اور ظفر محمود چودھری کو سینئر نائب صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔ وفد نے عوامی تاجر اتحاد کے کوآرڈی نیٹر الطاف حسین رندھاوا کی قیادت میں ملاقات کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر کاشف انور نے کہا کہ ملکی معیشت کی مضبوطی کے لیے تاجر برادری کا کردار اہم ہے، ٹیکس کے نظام کو منصفانہ اور معیشت دوست بنانے کے لیے اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں گے، انھوں نے کہا کہ تاجر برادری کو درپیش جملہ مسائل کے حل کے لیے مشاورت کریں گے، انھوں نے کہا کہ عوامی تاجر اتحاد منظم انداز میں کام کرتا ہے ان کے اتحاد اور نظم و ضبط سے فائدہ اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ لاہور شہر کی تعمیر و ترقی، شہریوں و تاجروں کو درپیش مسائل کے خاتمے اور کاروبار کے فروغ کیلئے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کاروباری کمیونٹی سے مشاورت کر کے اقدامات اٹھا ئے گی۔
الطاف حسین رندھاوا نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اپنی تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ کاروبار کیلئے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کی جائیں، انہوں نے امید ظاہر کی کہ لاہور چیمبر آف کامرس بزنس کمیونٹی کے تحفظ کیلئے موثر کردار ادا کرے گا۔ لاہور شہر تجارتی لحاظ سے بہت اہم ہے، شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے بہت سے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، مارکیٹوں میں تجاوزات کے خاتمے، ٹریفک اور پارکنگ جیسے اہم مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوامی تاجر اتحاد چیمبر آف کامرس اور کاروباری برادری کے درمیان رشتے کو مزید مضبوط کرنے کیلئے کوشاں ہے۔
عوامی تاجر اتحاد کے سینئر رہنما راشد چوہدری، صدر عوامی تاجر اتحاد لاہور محمد نوید بٹ نے کاشف انور اور چیمبر کے دیگر عہدیداران کو منہاج القرآن سیکرٹریٹ، منہاج یونیورسٹی، تحفیظ القرآن اور آغوش آرفن کیئر ہوم کے دورے کی دعوت دی۔ عوامی تاجر اتحاد کے رہنماؤں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس کے پلیٹ فارم سے جس طرح معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا رہا ہے وہ قابل تحسین ہیں۔ کاشف انور نے منہاج القرآن سیکرٹریٹ کے دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے عوامی تاجر اتحاد کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا۔
وفد میں رانا منظور احمد، سعید رضا بغدادی، چوہدری افضل گجر، سعید عالم، طارق حفیظ شیخ، شہزاد خان، چوہدری عثمان، حاجی خالد، حافظ عبد الرحمان و دیگرشامل تھے۔
تبصرہ