لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدارتی امیدوار لہراسب خان گوندل ایڈووکیٹ کے اعزاز میں تقریب
عوامی لائرز موومنٹ کے زیراہتمام منعقدہ تقریب میں بیجز لگائے گئے اور استقبالیہ دیا گیا
وکلا کے حقوق کا تحفظ اور قانون کی بالادستی ہماری ترجیحات ہیں، لہراسب خان گوندل ایڈووکیٹ
لہراسب خان گوندل ایڈووکیٹ لاہور بار کے انتخابات میں ہمارے امیدوار ہیں، نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ
تقریب کے اختتام پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر قاتلانہ حملے کی مذمتی قرارداد بھی منظور کی گئی
لاہور (7 نومبر 2022) پاکستان عوامی تحریک کے وکلاء ونگ، عوامی لائرز موومنٹ (پام) کے زیراہتمام لاہور ہائیکورٹ بار روم میں امید وار برائے صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن، معروف قانون دان لہراسب خان گوندل ایڈووکیٹ امید وار برائے صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے اعزاز میں بیجز و سپورٹنگ اجلاس اور استقبالیہ کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت چیف آرگنائز عوامی لائرز موومنٹ پاکستان انوار اختر ایڈووکیٹ نے کی۔ سینئر نائب صدر نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ سمیت وکلاء رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں عوامی لائرز موومنٹ کے رہنماؤں اور ہم خیال وکلا رہنماؤں نے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے امیدوار لہراسب خان گوندل ایڈووکیٹ کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انوار اختر ایڈووکیٹ نے کہا کہ لہراسب خان گوندل ایڈووکیٹ کامیابی کے بعد وکلاء کے حقوق کے تحفظ اور قانون کی بالادستی سمیت بار کے حل طلب مسائل کواپنی ترجیحات میں شامل کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں جس دن انصاف کا بول بالا ہوانظام درستگی کی راہ پر گامزن ہو جائے گا اس کیلئے وکلاء برادری اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ نے کہاکہ عوامی لائرز موومنٹ پاکستان نے انتخابی مہم کو مزید تیز کرنے کیلئے ہم خیال وکلا سے روزانہ کی بنیاد پر رابطے شروع کر دئیے ہیں اس حوالے سے عوامی لائرز موومنٹ نے کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی ہیں۔ عوامی لائرز موومنٹ پاکستان کے جملہ ذمہ داران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ لہراسب خان گوندل ایڈووکیٹ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں ہماری صدارتی امیدوار ہیں۔ آئین و قانون کی بالادستی اور وکلا برادری کی خدمت میں ہمیشہ پیش پیش رہنا لہراسب خان گوندل ایڈووکیٹ کی خاصیت ہے۔
لہراسب خان گوندل ایڈووکیٹ نے تقریب کے انعقاد اور حمایت کرنے پر عوامی لائزر موومنٹ کے عہدیداران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ انشاء اللہ کامیاب ہو کر آئین و قانون کی بالادستی، بار کی فلاح و بہبود اور وکلا برادری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ملکر کام کریں گے۔ ملک کو درپیش تمام مسائل کا حل اور بحرانوں سے نجات کا واحد راستہ عادلانہ اور منصفانہ نظام کے قیام میں ہی ہے۔
تقریب کے اختتام پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر قاتلانہ حملے کی مذمتی قرارداد بھی منظور کی گئی، تقریب میں پرویز اقبال گوندل ایڈووکیٹ، ایم ایچ شاہین ایڈووکیٹ، امتیاز چوہدری ایڈووکیٹ، محبوب حسین چوہدری ایڈووکیٹ، سردار غضنفر حسین ایڈووکیٹ، شکیل ممکاایڈووکیٹ، حافظ ناصر اعوان ایڈووکیٹ سمیت وکلاء رہنماؤں نے شرکت کی۔
تبصرہ