رجیم چینج کے بعد مہنگائی میں 15 فی صد اضافہ ہوا، ریحان مقبول
اشیائے خورونوش میں 36.2 فی صد اضافہ خطرناک ہے۔ صدر عوامی تحریک
لاہور (2 نومبر 2022) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ رجیم چینج کے بعد مہنگائی میں 15 فی صد اضافہ ہوا، اشیائے خورونوش کی قیمتیں 36.2 فی صد تک مہنگی ہو گئیں یہ اضافہ انسانی زندگی زندگی کیلئے خطرناک ہے۔ مناسب خوراک کی عدم دستیابی پر لاکھوں بچے اپنی عمر سے کم وزن والے ہیں، کروڑوں غریب خاندان غذائی قلت سے دوچار ہیں اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو ایک اپاہج، معذور اور کمزور نسل پروان چڑھے گی، انہوں نے کہاکہ عوام بجلی کا بل ادا کریں یا آٹا خریدیں یہ ایک بڑی آزمائش اور امتحان ہے۔ پچھلے 4ماہ میں یوٹیلیٹیز میں 12 فی صد اضافہ ہوا فی کس آمدن کم ہو رہی ہے، مہنگائی کا ذکر اسمبلیوں سے غائب ہے۔ حکومت ڈنڈوں، سوٹوں پر وسائل ضائع کرنے کی بجائے غریب کو سستی روٹی، سستی بجلی دے۔ بیڈ گورننس، بھوک، نا انصافی جس دن ختم ہو گئی احتجاج اور مارچ بھی ختم ہو جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں غریب عوام کی فکر کریں ورنہ کسی کے ہاتھ میں کچھ نہیں رہے گا۔
تبصرہ