عوام دشمن نظام انتخاب اور نام نہاد جمہوریت نے کبھی ڈیلیور نہیں کیا: میاں ریحان مقبول
نام نہاد جمہوری نظام نے 22کروڑ عوام کو 2 سو خاندانوں کا غلام
بنا رکھا ہے
عوامی تحریک کی جدوجہد عوام کو حقوق دلانے اور ملک کو عظمت و وقار کی راہ پر چلانے
کیلئے ہے
پاکستان میں 6 کروڑ سے زائد افراد خطہ غربت سے نیچے زندگی بسر کررہے ہیں: صدر سینٹرل پنجاب عوامی تحریک
لاہور (20 اکتوبر 2022ء) پاکستان عوامی تحریک سینٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ پاکستان میں 6کروڑ سے زائد افراد خطہ غربت سے نیچے زندگی بسر کررہے ہیں جو کل آبادی کا 35فیصد ہے۔ ملکی آبادی کا یہ حصہ نا صرف تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہے بلکہ دو وقت کی روٹی کے حصول میں بھی سنگین دشواریاں ہیں۔
میاں ریحان مقبول نے کہا کہ پاکستان میں بدترین عوام دشمن نظام انتخاب اور نام نہاد جمہوریت نے کبھی ڈیلیور ہی نہیں کیا۔ اس عوام دشمن نظام کے محافظوں نے ملک اور عوام کی خدمت کرنے کی بجائے ہمیشہ اپنے ذاتی مفادات کو مقدم رکھا۔ مہنگائی کا یہ عالم ہے کہ غریب کے لئے دو وقت کی روٹی کھانا بھی ناممکن ہوگیا ہے۔ اس نام نہاد جمہوریت اور عوام دشمن نظام نے 22 کروڑ عوام کو 2 سو خاندانوں کا غلام بنا کر رکھ دیا ہے۔
75 سالوں سے عوام کو سوائے بھوک، غربت، مایوسی، لوڈشیڈنگ، بیروزگاری، خودکشیوں، بے راہ روی اور دہشت گردی کے سوا اور کچھ نہیں دیا۔ یہ نظام ملک کو تباہی کے دھانے پر لے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد عوام کو ان کے حقوق دلانے،ملک کو عظمت و وقار کی رہ پر چلانے کے لئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام کو بدلنے کی ضرورت ہے جس نے عوام کو سوائے مایوسی کے کچھ نہیں دیا۔
تبصرہ