سکول وین پر دہشتگردانہ حملہ بزدلی کی انتہا ہے: خرم نواز گنڈاپور
ریاست ہمارے بچوں پر حملے کرنے والوں کو عبرتناک سزا دے، سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
جاں بحق ڈرائیور کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور زخمی بچوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا
لاہور (11 اکتوبر 2022ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے سوات میں سکول وین پر حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست قوم کے بچوں کو دہشت گردوں کے حملوں سے بچائے اور بزدل دہشت گردوں کو عبرتناک سزا دے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بچوں کو ٹارگٹ کرنے والے انسان نہیں سفاک درندے ہیں۔ ان درندوں کو ریاست پوری طاقت کے ساتھ کچل دے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ دہشت گرد بچوں کے تعلیمی مستقبل سے کھیلنا چاہتے ہیں اور تعلیمی اداروں میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے ہیں۔ اس سے پہلے سانحہ اے پی ایس میں خوف پھیلانے کی کوشش کی گئی مگر پاکستان کے غیور عوام جرأت مند والدین اور باہمت بچوں نے اس خوف کو قبول کرنے سے انکار کر دیا اور پہلے سے زیادہ جوش و جذبہ کے ساتھ اپنی تعلیم کو جاری رکھا ہوا ہے۔ آئندہ بھی علم اور انسانیت کے دشمن کی کوئی کارروائی حوصلوں کو کمزور نہیں کر سکے گی تاہم ریاست کے تمام ادارے دہشت گردوں کے ان مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لئے پوری قوت بروئے کار لائیں۔ پاکستان بالخصوص سوات کے عوام امن پسند اور محب وطن ہیں وہ دہشت گردوں کے سامنے کبھی نہیں جھکیں گے۔ انہوں نے سکول وین پر حملے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے ڈرائیور کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی اور سوگوار خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمی بچوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔
تبصرہ