امن کیلئے سیرت مصطفیٰ ﷺ کی پیروی ضروری ہے: ریحان مقبول
لاکھوں افراد نے مینار پاکستان جمع ہو کر آپ ﷺ سے محبت کا اظہار کیا
صدر پی اے ٹی پنجاب کی طرف سے تاریخ ساز عالمی میلاد کانفرنس پر مبارکباد
لاہور (11 اکتوبر 2022ء) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے 39ویں عالمی میلاد کانفرنس کے تاریخی انعقاد پر تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری، چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری اور جملہ منتظمین کو صمیم قلب سے مبارکباد دی ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ 11 اور 12 ربیع الاول کی شب مینار پاکستان کے سبزہ زار میں انسانوں کے سمندر نے اپنے محبوب آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے یوم ولادت کے جشن میں شریک ہو کر اپنی بے پایاں عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بچے بچے کے دل میں حضور نبی اکرم ﷺ کی محبت رچی بسی ہے۔ دنیا کی کوئی طاقت عقیدت و محبت کی اس نسبت کو کمزور نہیں کر سکتی۔
انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کو اللہ رب العزت نے یہ توفیق بخشی ہے کہ وہ ہر سال ایشیاء کے سب سے بڑے جشن ولادت مصطفیٰ ﷺ کا اہتمام کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ایمان افروز خطاب سے سیرت مصطفیٰ ﷺ کو ایک نئے انداز کے ساتھ سمجھنے کی تحریک ملی ہے۔ شیخ الاسلام نے درست کہا کہ اتحاد و استحکام کے لئے سیرت نبی ﷺ کی پیروی کرنی ہو گی اور چھوٹے چھوٹے اختلافات کو بنیاد بنا کر ہمیں نفرت کے بیج نہیں بونے چاہئیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بلاشبہ ہر مسئلہ اور ہر مرض کا حل سیرت مصطفی ﷺ پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔
تبصرہ