غریب 130 روپے کلو آٹا کیسے خریدے؟: خرم نواز گنڈاپور
سرکاری نرخوں پر آٹے سمیت کوئی چیز دستیاب نہیں ہے، سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
ماہرین کا خدشہ ہے حالات ایسے ہی رہے تو آٹا 2 سو روپے کلو بھی نہیں ملے گا
لاہور (23 ستمبر 2022ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ عوام کی مشکلات بڑھ رہی ہیں اور اشیائے خورونوش پہنچ سے باہر نکل رہی ہیں۔ غریب 130روپے کلو آٹا کیسے خریدے؟ سرکاری نرخوں پر آٹے سمیت کوئی چیز دستیاب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 کروڑ سے زائد آبادی والا صوبہ پنجاب جسے پاکستان کی فوڈ باسکٹ کہا جاتا ہے وہ آج گندم کے دانے دانے کو ترس رہا ہے۔ گندم پر بھی سیاست ہو رہی ہے۔ لوگ سستے آٹے اور روٹی کو ترس رہے ہیں جبکہ حکمران خوراک کے بحران کے حل کے لئے آئندہ ماہ اجلاس کرنے کی تاریخیں دے رہے ہیں۔ یہ بے حسی اور ظلم کی انتہا ہے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ماضی میں چینی اور سموسوں پر سوموٹو ایکشن ہوتے تھے آج پاکستان کے غریب عوام کو بھوک سے بچانے کے لئے گندم اور اشیائے خورونوش کے مصنوعی بحران پر بھی ایکشن لیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ماہرین خدشہ ظاہر کررہے ہیں کہ اگر سیاسی کھینچا تانی اور سیلاب کی آفت اسی طرح جاری رہی تو آئندہ چند ہفتوں میں آٹا 200روپے کلو بھی دستیاب نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے لاکھوں ایکڑ پر گندم کاشت نہیں ہو سکے گی لہٰذا خوراک کے ایشو پر سیاست نہ کی جائے اور فوری قومی پالیسی تشکیل دی جائے تاکہ عوام کو بھوک اور فاقوں سے بچایا جا سکے۔
تبصرہ