توبہ کی بجائے حکمران ٹرانس جینڈر بل لے آئے: میاں ریحان مقبول
حکمران یاد رکھیں قوم لوط پر پتھروں کی بارش ہوئی تھی، اللہ سے معافی مانگیں
سیلاب کی تباہی سے بھی مردہ ضمیر زندہ نہیں ہوئے: صدر سنٹرل پنجاب پی اے ٹی
لاہور (23 ستمبر 2022ء) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ سیلاب کی تباہی سے بھی مردہ ضمیر زندہ نہیں ہوئے۔ توبہ کی بجائے حکمران ٹرانس جینڈر بل لے آئے۔ تخلیق قدرت کے برعکس اقدامات سے بھیانک عذاب آئیں گے۔ حکمران یاد رکھیں قوم لوط پر پتھروں کی بارش ہوئی تھی اور قوم لوط رہتی دنیا تک عبرت کا نشان بنا دی گئی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا۔ قرآن و سنت کی روح کے خلاف یہاں کوئی قانون نہیں بن سکتا ہے اور نہ ہی ڈکٹیشن یا بدنیتی کی بناء پر آئین پاکستان کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی جائے۔ اسلام نے ہر انسان کو بلا رنگ و نسل و جنس بنیادی حقوق دئیے ہیں۔ تعلیم، تحفظ، صحت، روزگار ہر شخص کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل، علمائے کرام، مشائخ عظام اور تمام سکول آف تھاٹ کی رائے لئے بغیر کوئی ایسی قانون سازی نہ کی جائے جو اسلام کی تعلیمات کی روح کے خلاف ہو۔ میاں ریحان مقبول نے کہا کہ اس وقت ساڑھے تین کروڑ سے زائد لوگ پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ لاکھوں گھر، کاروبار پانی میں بہہ گئے۔ کوئی سڑک سلامت ہے نہ کوئی پل، لوگ روٹی کے نوالے کو ترس رہے ہیں اور حکمرانوں کی کریڈیبیلٹی کا یہ عالم ہے کہ 22 ارب ڈالر کا نقصان ہوا مگر دنیا نے تاحال 9 کروڑ ڈالر دئیے۔ ان 9کروڑ ڈالروں میں سے اگر 5 کروڑ ڈالر امریکہ کی مدد کے نکال دئیے جائیں تو باقی صرف 4 کروڑ ڈالر بچتے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ دنیا کے کسی ملک کو پاکستان کے حکمرانوں پر اعتبار نہیں ہے۔ زیادہ تر امداد نقد کی بجائے اشیاء کی صورت میں ہے۔ موجودہ کرپٹ نظام نے ملک کو تباہ کر دیا۔
تبصرہ