ڈی آئی خان میں 12 سو خاندانوں میں راشن تقسیم کیا: خرم نواز گنڈاپور
یو این کے ممبر ملک پاکستان کو دنیا نے تنہا چھوڑ دیا، سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
امیر ملکوں میں انسانیت ختم ہو گئی یا انہیں کرپٹ سیاستدانوں پر اعتماد نہیں؟
ملکی ساکھ کی بحالی اور کرپشن سے نجات بڑے چیلنج ہیں، صحافیوں سے گفتگو
لاہور (19 ستمبر 2022ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے ڈیرہ اسماعیل خان میں 12 سو خاندانوں میں راشن اور امدادی سامان تقسیم کیا۔ اس موقع پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے کوآرڈینیٹر انجینئر ثناء اللہ خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ امدادی سامان میں خیمے، خشک راشن، منرل واٹر، کپڑے، بستر، چارپائیاں، مچھر دانیاں اور ہائی جین کٹس شامل تھیں۔ ہر خاندان کو ایک ماہ کی خوراک پر مشتمل فوڈ بیگ دئیے گئے۔
امدادی سامان کی تقسیم کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ یونیسیف کی رپورٹ کے مطابق اس وقت سیلاب کی وجہ سے 60 لاکھ بچوں سمیت 34 لاکھ افراد کی زندگیاں خطرے میں ہیں اور ساڑھے تین کروڑ شہری بے گھر ہیں۔ حکومت پاکستان کے پاس وسائل نہیں اور بیرونی ممالک سیلاب کی وجہ سے جنم لینے والے انسانی المیہ کے باوجود اقوام متحدہ کے ممبر ملک پاکستان کو تنہا چھوڑ رکھا ہے۔ اب تک جو امداد دی گئی ہے وہ بہت تھوڑی ہے۔ بقول امریکی سینیٹر باب مینڈیز یہ امداد قطرے سے زیادہ نہیں ہے۔ سوال یہ ہے کہ دنیا کے امیر ملکوں کو سیلاب کی بے رحم موجوں کے سامنے بے دست و پا پاکستان پر رحم کیوں نہیں آرہا؟ امیر ملکوں میں انسانیت ختم ہو گئی یا اب انہیں پاکستان کے مقتدر سیاستدانوں پر اعتماد نہیں رہا؟ اس امر میں کوئی شبہ نہیں ہے کہ گزشتہ چار دہائیوں میں پاکستان کو سیاسی ادوار میں بری طرح لوٹا گیا، سیاستدانوں نے عوام کا پیسہ لوٹ کر بیرون ملک جمع کیا۔ شائد اسی لئے اب بیرونی دنیا کو پاکستان پر رحم نہیں آرہا۔؟ خرم نواز گنڈاپور نے مزید کہا کہ اس وقت پاکستان کی ساکھ کی بحالی اور کرپشن سے نجات بڑے چیلنج ہیں۔
تبصرہ