منہاج ویلفیئر سیلاب متاثرین کو ہر ممکن ریلیف پہنچا رہی ہے: میان ریحان مقبول
راجن پور، فاضل پور، روجھان، ڈی جی خان میں متاثرین کے لئے خیمہ بستیاں قائم کردیں
منہاج ویلفیئر نے جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں 40 سے زائد میڈیکل کیمپ قائم کئے
سیاست کی بجائے متاثرہ عوام کی مدد کرنے کی ضرورت ہے: صدر سنٹرل پنجاب
نور احمد سہو، سردارعمر دراز، راؤ عارف رضوی، آصف سلہریا ایڈووکیٹ کا لیہ میں سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ
لاہور (16 ستمبر 2022ء) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اور پاکستان عوامی تحریک کے رضاکار سیلاب سے متاثرہ ہر شخص تک پہنچ رہے ہیں۔ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین سیلاب کو ہر ممکن ریلیف پہنچایا جارہا ہے۔ اس وقت پورا پاکستان سیلاب کی زد میں ہے ہمیں ایک قوم بن کر مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کی مدد کرنا ہوگی۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اور پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے چاروں صوبوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے راجن پور، فاضل پور، روجھان، ڈی جی خان میں متاثرین سیلاب کے لئے خیمہ بستیاں قائم کردی ہیں۔ ان خیمہ بستیوں میں سکول، مسجد، تندور، واٹر پمپس، بجلی، ڈسپنسری سمیت دیگر تمام سہولیات دی جارہی ہیں۔ مزید متاثرہ علاقوں میں بھی خیمہ بستیاں آباد کی جارہی ہیں، میڈیکل کیمپ لگائے جارہے ہیں، راشن، گرم کپڑے، بستر، ادویات، پانی، برتن و دیگر ضروری اشیا تقسیم کی جارہی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیہ میں سیلاب زدہ علاقوں کا دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر میاں نور احمد سہو، ڈپٹی سیکرٹری کوآرڈینیشن سردار عمر دراز، مرکزی میڈیا کوآرڈینیٹر راؤ محمد عارف رضوی، محمد آصف سلہریا ایڈووکیٹ و دیگر قائدین و کارکنان اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے رضا کار بھی موجود تھے۔ پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کاموں کاجائزہ بھی لیا۔
میاں ریحان مقبول نے مزید کہا کہ متاثرہ علاقوں میں خیموں، بستروں، کمبلوں، پانی کے ٹینکوں اور ترپالوں کی اشد ضرورت ہے۔ راشن میں آٹا، گھی، چاول، دالوں، پتی، چینی اور پینے کے صاف پانی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضروری ادویات میں ڈائریا، آنکھ، کان، جلد کی بیماریوں اور ڈی ہائیڈریشن کی ادویات کی ضرورت ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں 40 سے زائد میڈیکل کیمپ قائم کرچکی ہے۔ روزانہ ہزاروں مریضوں کا طبی معائنہ کرکے انہیں ادویات مہیا کی جارہی ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک اس مشکل وقت میں متاثرین سیلاب کے ساتھ کھڑی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کی طرف سے لیہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں راشن تقسیم، کپڑے اور ادویات تقسیم کی گئی ہیں۔ متاثرین کی مدد ہمارا دینی و قومی فریضہ ہے، انہوں نے کہاکہ اس بار سیلاب کی تباہی ناقابل فراموش ہے۔ لاکھوں خاندان بے گھر ہو چکے ہیں۔ ہزاروں سکول، ہسپتال پانی میں بہہ گئے ہیں اس وقت سیاست کی بجائے متاثرہ عوام کی مدد کرنے کی ضرورت ہے۔
تبصرہ