محمد علی جناح ؒ کو ان کے کردار نے قائداعظم بنایا: قاضی زاہد حسین
بانی پاکستان کے بدترین مخالف بھی انہیں ایک سچا انسان کہتے تھے
آج ہماری سیاست سچائی اور کردار سے خالی ہو گئی: مرکزی صدر عوامی تحریک
لاہور (10 ستمبر 2022ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یوم وفات پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ محمد علی جناحؒ کو ان کے کردار نے قائداعظم کے منصب پر فائز کیا۔ قائداعظم ایک سچے، بااصول سیاسی رہنما تھے۔ انہوں نے اپنی سیاسی زندگی میں اپنے مقاصد کے حصول کے لئے کبھی جھوٹ کا سہارا نہیں لیا۔ بانی پاکستان کے بارے میں ان کے بدترین مخالف بھی انہیں ایک سچا انسان قرار دیتے تھے۔ قائداعظم کی راست گوئی کی وجہ سے اللہ رب العزت کا فضل ان کے ہمیشہ شامل حال رہا۔
انہوں نے کہا کہ عظیم قائد انگریزی زبان میں خطاب کرتے تھے اور سننے والے اس زبان سے ناواقف تھے اور جب سامعین سے سوال کیا جاتا کہ انہیں انگریزی زبان کی سمجھ آتی ہے؟ تو وہ جواب دیتے ہمیں اتنا پتہ ہے کہ محمد علی جناح ؒ جو کہہ رہے ہیں وہ سچ ہے۔ قاضی زاہد حسین نے کہا کہ آج ہماری سیاست سچائی سے خالی ہو گئی ہے۔ لیڈر کہلوانے والے صبح کچھ، شام کو کچھ کہتے ہیں۔ اسی دروغ گوئی کی وجہ سے سیاست کا مقدس پیشہ بدنام ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان کی زندگی کا مطالعہ کیا جائے تو ان کی زندگی میں قانون پسندی، راست گوئی، نظم و ضبط سرفہرست نظر آتے ہیں اور آج ہم بحیثیت قوم ان اوصاف سے محروم ہیں۔ شاید اسی لئے ہر گزرتے دن کے ساتھ ہم پسماندہ سے پسماندہ تر ہوتے چلے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ نے اسلام کے سنہری اصولوں پر عملدرآمد کے لئے آزاد وطن حاصل کیا تھامگر آج ہم اسلام کی تعلیمات سے دور اور ہمارے لئے سچ مشکل بنادیاگیا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمارے مقتدر سیاستدانوں اور سیاسی جماعتوں کو سچ بولنے اور پاکستان کو قائداعظم کا پاکستان بنانے کی توفیق دے۔
تبصرہ