پام آئل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو پہنچایا جائے: قاضی زاہد حسین
عالمی منڈی میں پام آئل 16سو ڈالر فی ٹن سے کم ہو کر 8 سو ڈالر ہو گیا
غریب فاقوں سے مررہے ہیں، حکمران خدا کا خوف کریں:مرکزی صدر عوامی تحریک
5 سو روپے مزدوری لینے والا ساڑھے 5 سو میں آئل کا پیکٹ کیسے خریدے؟
لاہور (9 ستمبر 2022ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں خام پام آئل کی قیمتوں میں 50 فیصد سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے اس کے باوجود پاکستان میں خوردنی تیل سستا کیوں نہیں ہورہا؟تاریخ کے مہنگے ترین خوردنی تیل کی وجہ سے غریب کا چولہا بجھا ہوا ہے۔ 5 سو روپے یومیہ اجرت لینے والا ساڑھے 5 سو روپے کا ایک لیٹر آئل کیسے خریدے؟ انہوں نے کہا کہ غریب فاقوں سے مررہے ہیں، حکمران خدا کا خوف کریں، عالمی سطح پر ہونے والی مہنگائی کو جواز بنا کر پاکستان میں اشیائے خورونوش کی قیمتیں بڑھائی گئیں اب اُسی فارمولے کے تحت قیمتیں کم کیوں نہیں کی جارہیں۔؟ قاضی زاہد حسین نے کہا کہ عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی بتدریج کم ہورہی ہیں مگر پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کے شیڈول دئیے جارہے ہیں۔ قوم جاننا چاہتی ہے کہ قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا آخر فارمولا ہے کیا؟ انہوں نے کہا کہ غریب آدمی کو تو جان کے لالے پڑے ہوئے تھے مہنگائی میں ہوشربا اضافہ کی وجہ سے سفید پوش طبقہ کا بھرم بھی ٹوٹ گیا ہے۔ جنہوں نے صبر و شکر کے ساتھ اپنی سفید پوشی کا بھرم رکھا ہوا تھا وہ بھی بجلی کے بلوں میں ناجائز اضافے اور جان لیوا مہنگائی کی وجہ سے ادھار مانگ کر گزارہ کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
انہوں نے پام آئل کی قیمتوں میں کمی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اپریل میں ملائیشین پام آئل 1600 ڈالر فی ٹن فروخت ہو رہا تھا ستمبر میں یہ قیمت کم ہو کر 800 ڈالر فی ٹن پر آگئی ہے۔ حیرت ہے کہ اس 50 فیصد کمی کا فائدہ عوام کو نہیں پہنچ رہا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں کوکنگ آئل کی فی لیٹر قیمت کسی طور 300روپے سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔
تبصرہ