سید صمصام بخاری اور صاحبزادہ ابوبکر نقشبندی کی خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری پاکستان ہی نہیں عالم اسلام کی ایک معتبر علمی شخصیت ہیں: سید صمصام بخاری
پی پی 139 میں صاحبزادہ ابوبکر نقشبندی این اے 157 ملتان میں مہربانو قریشی کو سپورٹ کریں گے: خرم نواز گنڈاپور
لاہور (7 ستمبر 2022) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما، ممبر صوبائی اسمبلی سید صمصام علی شاہ بخاری اور پی پی 139 سے امیدوار صوبائی اسمبلی صاحبزادہ ابوبکر نقشبندی نے وفد کے ہمراہ منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات کی۔ رہنماؤں نے موجودہ سیاسی صورتحال اور ضمنی الیکشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
خرم نواز گنڈاپور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صاحبزادہ ابوبکر نقشبندی اور سید صمصام بخاری سے ذاتی اور محبت کا تعلق ہے۔ شیخوپورہ اور شرقپور کی تنظیم سے مشاورت کے بعد پی پی 139 میں حمایت کا فیصلہ کیا ہے، دین دار اور باکردار شخصیات کو اسمبلیوں میں بیٹھنا چاہیے۔ کارکن پی پی 139 میں صاحبزادہ ابوبکر نقشبندی این اے 157 ملتان میں مہربانو قریشی کو سپورٹ کریں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سید صمصام بخاری نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری جیسی شفیق ہستی سے تعلق پر مجھے ہمیشہ فخر رہا ہے۔ میں ہر اہم موقع پر شریک رہا ہوں۔ صاحبزادہ ابوبکر نقشبندی نے کہاکہ تحریک منہاج القرآن کی قیادت نے ہمیشہ بے پناہ محبتوں سے نوازا ہے، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری پاکستان ہی نہیں عالم اسلام کی ایک معتبر علمی شخصیت ہیں۔ میں پی پی 139 میں حمایت کئے جانے پر خرم نواز گنڈاپور اور پاکستان عوامی تحریک کے جملہ قائدین کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
ملاقات میں مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، سردار عمر دراز خان اور عوامی تحریک، منہاج القرآن شیخو پورہ، شرقپور کے رہنما بھی موجود تھے۔
تبصرہ