25 افراد کی جان بچانے پر عامر بلوچ کیلئے ایوارڈ کا اعلان
عوامی تحریک کے رہنما نے جان خطرے میں ڈال کر سیلاب میں گھرے
خاندان کو بچایا
عامر بلوچ جیسے جرأت مند پاکستانی سپوتوں پر فخر ہے: سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور
مرکزی صدر قاضی زاہد حسین، عثمان علی خان، نصیر خان جدون و دیگر کی مبارکباد
لاہور (31 اگست 2022) عوامی تحریک تحصیل پہاڑ پور کے جنرل سیکرٹری عامر بلوچ نے گومل زام ڈیم سے سیلابی ریلے میں بہنے والے موت و حیات کی کشمکش سے دوچار خواتین اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 25 افراد کو اپنی جان خطرے میں ڈال کر موت کے منہ میں جانے سے بچا لیا۔ سیلاب کی بے رحم موجوں کے رحم و کرم پر تین دن تک بھوکا، پیاسا یہ خاندان زندگی بچانے کے لئے لڑتا رہا، بالآخر اللہ رب العزت کی طرف سے عامر بلوچ فرشتہ بن کر پہنچا اور اُس خاندان کو محفوظ مقام تک پہنچایا گیا۔
عامر بلوچ اپنے ہمراہ کشتی کے ساتھ کھانے پینے کی اشیاء بھی لے کر گیا اور سب سے پہلے انہیں کھانا کھلایا۔ اس عظیم انسانی خدمت اور جرأت و بہادری کا مظاہرہ کرنے پر پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے عامر بلوچ کے لئے خصوصی ایوارڈ کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان عوامی تحریک کے جنرل سیکرٹری تحصیل پہاڑ پور عامر بلوچ نے واقعہ کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ 26 اگست 2022ء سہ پہر 4 بجے اطلاع ملی کہ پشہ پل ڈیرہ اسماعیل خان میں گول زام ڈیم سے آنے والے سیلابی ریلہ میں ایک خاندان کے 25 افراد جن میں 13 بچے مرد اور خواتین شامل ہیں، پچھلے تین دن سے سیلابی ریلہ میں پھنسے ہوئے بھوکے، پیاسے امداد کے منتظر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شدید بارش کے دوران دریاے سندھ سے کشتی نکال کر ادھر جانا ایک مشکل کام تھا۔ کشتی تلاش کرتے اور دریائے سندھ سے نکالنے کا عمل خاصا مشقت طلب تھا لیکن دوستوں کی مدد سے آخر کار 11 بجے رات کشتی نکالنے اور ٹریکٹر ٹرالی پر لوڈ کرنے میں کامیاب ہوا اور ساری رات بارش کے دوران سفر کرتے ہوے صبح میں متاثرہ خاندان تک پہنچنے میں کامیاب ہو گیا اور اللہ تعالیٰ کے فضل کرم سے متاثرہ خاندان کو ریسکیو کرنے میں کامیابی ملی۔
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین، جنرل سیکرٹری خیبر پختونخوا عثمان علی خان، پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، نائب صدر راجہ زاہد محمود، سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چودھری، زونل صوبائی صدور میاں ریحان مقبول، قاضی شفیق، نوراحمد سہو، نصیر خان جدون سمیت تمام مرکزی قیادت نے عظیم انسانی خدمت انجام دینے اور ایوارڈ ملنے پر عامر بلوچ کو مبارکباد دی ہے۔
تبصرہ