30 اور 31 اگست کی رات کارکنوں نے عظیم قربانیاں دیں: قاضی زاہد
اسلام آباد مارچ کے پرامن شرکاء پر شریف برادران نے ظلم کیا: خرم نواز گنڈاپور
کارکنوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی: مرکزی و صوبائی راہنما عوامی تحریک
لاہور (31 اگست 2022) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر رقاضی زاہد حسین نے کہا ہے کہ31، 30 اگست کی رات شریف برادران نے اسلام آباد مارچ کے پرامن شرکاء پر ظلم کے پہاڑ توڑے، کارکنوں پر ہونے والے مظالم کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ کارکنوں نے اشرافیہ کی سول آمریت کے خلاف قربانیاں دینے کی ایک نئی تاریخ رقم کی۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لئے اسلام آباد گئے مگر وہاں قاتلوں نے مزید ظلم ڈھایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک نے حقیقی جمہوریت کی بحالی اور سیاسی آمریت کے خاتمے کے لئے بے مثال جدوجہد کی اور یہ جدوجہد جاری رہے گی۔
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ 17 جون 2014ء کے دن ماڈل ٹاؤن میں کارکنوں کا خون بہایا گیا اور شریف برادران نے ایف آئی آر تک درج کرنے سے انکار کر دیا۔ ایف آئی آر کے اندراج کے لئے قانونی چارہ جوئی کے لئے لاکھوں کارکن اسلام آباد گئے مگر وہاں بھی ظلم و بربریت کی انتہا کی گئی اور 31، 30 کی رات کو اسلام آباد کو جنگ زدہ علاقہ میں تبدیل کر دیا۔ نہتے کارکنوں پر بارود کی بارش کی گئی۔ یہاں بھی شہادتیں ہوئیں اور درجنوں کارکنان شدید زخمی ہوئے۔
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان بھی 31، 30 اگست کی رات اشرافیہ کے ظلم و بربریت کا شکار ہوئے اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں نے ان کی حفاظت کی۔ انہوں نے کہا کہ جب تک جمہوریت کے نام پر سول آمریت اور شخصی حکمرانی قائم رہے گی ادارے مضبوط ہوں گے اورنہ کمزور کو انصاف ملے گا۔
پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدور میاں ریحان مقبول، قاضی شفیق، نور احمد سہو اور نصیر خان جدون نے کہا کہ آج بھی سیاسی کارکنان سول آمریت کے ظلم و جبر کا سامنا کررہے ہیں، بظاہر آئین بحال ہے مگر انسانی حقوق کی دھجیاں اڑ رہی ہیں۔ حرمت انسانیت پامال ہورہی ہے، عوام آئین و قانون کی بالادستی کے لئے عدلیہ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ آج بھی اشرافیہ کسی ادارے کے آئینی تشخص کو قبول کرنے کے لئے تیار نہیں ہے۔
راہنماؤں نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثا اور شہدائے اسلام آباد 8 سال گزر جانے کے بعد بھی انصاف سے محروم ہیں۔ راہنماؤں نے کہا کہ ظالم نظام کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کی جدوجہد جاری ہے اور ان شاء اللہ تعالیٰ شہداء کے خون اور قربانیوں کے صدقے پاکستان میں ایک روز حقیقی جمہوریت کا سورج ضرور طلوع ہو گا۔
تبصرہ