سیلاب کی آڑ میں پیاز، ٹماٹر کی قیمتیں کئی سو گنا بڑھا دی گئیں: عوامی تحریک لاہور
حکومت کی کمزور رٹ کی وجہ سے 45 سو والا خیمہ 7 ہزار میں بک رہا
ہے
عوامی تحریک لاہور نے سیلاب متاثرین کیلئے ریلیف کیمپ قائم کر دئیے ہیں: ڈاکٹر سلطان
لاہور (31 اگست 2022) پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر ڈاکٹر سلطان محمود چودھری نے کہا ہے کہ سیلاب کی آڑ میں پیاز، ٹماٹر، سبزیوں، پھلوں کی قیمتوں کو کئی سو گنا مہنگا کر دیا گیا جو ظلم اور بے حسی کی انتہا ہے۔ حکومت کی کمزور رٹ کی وجہ سے ناجائز منافع خور دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔ ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب سے قبل 45 سو روپے میں فروخت ہونے والا خیمہ 7 ہزار روپے میں بک رہا ہے اور مہنگائی مافیا کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں بیرونی دنیا سیلاب سے متاثرہ پاکستانیوں کیلئے امداد بھیج رہی ہے مگر بعض بدقماش تاجر، دکاندار، چھابڑی فروش اس انسانی المیہ کو بھی دولت بنانے کا ذریعہ بنائے ہوئے ہے جو شرمناک اور قابل گرفت ہے۔ ایسے تمام انسان نما حیوانوں کے کاروباری لائسنس تاحیات معطل کر دیئے جانے چاہئیں۔ حکومت مصنوعی مہنگائی کی روک تھام کے لئے سخت اقدامات کرے اور ضرورت مندوں کو لٹنے سے بچائے۔
عوامی تحریک لاہور کے صدر نے کہا کہ عوامی تحریک لاہور کی طرف سے ریلیف کیمپ لگا دئیے گئے ہیں۔ مخیر حضرات بڑھ، چڑھ کر عطیات دیں، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن امدادی سرگرمیاں کا ایک قابل بھروسہ منظم نیٹ ورک رکھتی ہے۔ وسائل کو ضائع کئے بغیر مستحقین تک پہنچایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل جتنی بھی آفات آئیں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے انسانی خدمت کا بے مثال مظاہرہ کیا۔
تبصرہ