سیلاب متاثرہ لوگوں کی بحالی وفاقی و صوبائی حکومتوں کی پہلی ترجیح ہونا چاہیے: قاضی زاہد حسین
سیلابی ریلوں سے جن کے گھر، فصلیں تباہ ہوئیں حکومت انکی براہ
راست مالی مدد کرے
سپرے کے ذریعے ملیریا و ڈینگی سمیت دیگر بیماریوں سے بچنے کیلئے اقدامات کئے جائیں
متاثرہ علاقوں میں رابطہ سڑکوں کو فوری بحال کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں: صدر
پی اے ٹی
لاہور (24 اگست 2020) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے ملک بھر میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے پورے ملک بالخصوص بلوچستان و جنوبی پنجاب میں ہونیوالے جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد اور خاندانوں کی بحالی کیلئے ریاستی سطح پر بھرپور مدد ہونی چاہیے۔ بارشوں اور سیلاب نے لوگوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ متاثرہ لوگوں کیلئے امدادی پیکج اور بحالی وفاقی و صوبائی حکومتوں کی پہلی ترجیح ہونا چاہیے۔ حکومت تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات مہیا کرے۔ بلوچستان اور پنجاب کے کئی اضلاع اور تحصیلوں میں صورتحال تشویشناک نظر آ رہی ہے۔
آئندہ دنوں میں ممکنہ بارشوں کے پیش نظر مرکزی، صوبائی حکومتیں، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنا چاہیے۔ قاضی زاہد حسین نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کے درجات بلند کرے، سوگوار خاندانوں کو صبر جمیل عطا کرے اور زخمیوں کو جلد صحتیابی دے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں رابطہ سڑکوں کو فوری بحال کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ سڑکوں کے نیٹ ورک کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر کیا جائے اور سیوریج کے نظام کو بہتر کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ نشیبی علاقوں میں موجود بارش کے پانی کو پمپنگ مشینوں کے ذریعے برساتی نالوں میں ڈالا جائے، متاثرہ علاقوں میں سپرے کیا جائے تاکہ ملیریا و ڈینگی سمیت دیگر بیماریوں سے بچا جا سکے۔
بارشوں اور سیلابی ریلے سے جن غریب شہریوں کے گھر اور فصلیں تباہ ہوئی ہیں حکومت انکی فوری اور براہ راست مالی مدد کرے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کی مدد کیلئے خصوصی فنڈز قائم کئے جانے چاہئیں۔ ریاست مدینہ کے نظم و نسق کا پہلا اصول بھی یہی ہے کہ کسی کمزور کو کبھی تنہا نہ چھوڑا جائے اور اسکی ہر ممکن مدد کی جائے۔ متاثرین کی مدد کیلئے فلاحی ادارے اور مخیر حضرات بھی آگے آئیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے رضا کار تمام وسائل برؤے کار لاتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر متاثرہ خاندانوں کی مدد کر رہے ہیں۔
تبصرہ